ملک بھر میں اقلیتوں کومکمل مذہبی آزادی حاصل ہے، گورنر

238

کراچی(اسٹاف رپورٹر)گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا ہے کہ ملک بھر میں اقلیتوں کو مکمل مذہبی آزادی حاصل ہے اور اقلیتیں اپنی اپنی عبادت گاہوں میں آزادی کے ساتھ مذہبی فرائض انجام دے رہی ہیں۔ کسی بھی مذہب کے خلاف آزادی اظہار رائے کے نام پر پروپیگنڈا کرنے اور مذہبی دلآزاری کے معاملے میں حکومت زیرو ٹالیرنس کی پالیسی پر عمل پیرا ہے، وزیر اعظم عمران خان اسلامی نظریات کی روشنی میں ایک روشن خیال اور بین المذاہب ہم آہنگی پر مبنی معاشرے کے قیام کے لیے پرعزم ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے انٹرنیشنل ریلیجیز فریڈم (یو ایس اے) کے 12 رکنی وفد سے گورنر ہائو س میں ملاقات کے دوارن کیا۔ اس موقع پر رکن قومی اسمبلی جے پرکاش اور ممبر صوبائی اسمبلی جمال صدیقی بھی موجود تھے جبکہ وفد کی قیادت الیاس یونس مسیح نے کی ان کے ساتھ وفد میں سعود قاسمی، جمال شیدی اوردیگر موجود تھے۔ گورنر سندھ نے کہا کہ حکومت بین المذاہب ہم آہنگی کو مزید مستحکم کرنے کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت سمجھتی ہے کہ ملک میں اقلیتی برادری کو مکمل مذہبی آزادی، امن اور ترقی یافتہ پاکستان کے لیے بے حد ضروری ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان میں اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ پر موجودہ حکومت نے گراں قدر کام کیا ہے جس میں قومی کمیشن برائے اقلیت کا قیام اور کرتار پور راہداری کا افتتاح قابل ذکر ہیں۔