قومی زبان اُردو کے نفاذ کیلیے فوری اقدامات کیے جائیں، مقررین

648

کراچی (پ ر)قومی زبان اردوکے نفاذ نیزصوبائی زبانوں کی ترویج و فروغ کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں۔ مادری زبانوں کے عالمی دن کے موقع پر تحریک نفاذ اردو و صوبائی زبان کا پرزور مطالبہ ،تحریک نفاذ اردو و صوبائی زبان کے تحت مادری زبانوں کا عالمی دن منایا گیا۔ اس سلسلے میں کراچی پریس کلب میں تحریک کی طرف سے ایک خصوصی نشست کا انعقاد کیا گیا جس سے فاضل مقررین نے خطاب کیا اوراس امرپر افسوس کا اظہار کیا کہ قائد اعظم کے فرمان ، دستورپاکستان کے واضح اعلان اور عدالت عظمیٰ کے فیصلے کوایک عرصہ گزر جانے کے باوجود قومی زبان ’اردو‘ کو سرکاری و دفتری زبان کے عملی طور پر نفاذ سے بے توجہی اورعدم دلچسپی نیز صوبائی و مادری زبانوں کو ان کا صحیح و جائز مقام نہ دینے سے پہلوتہی کی جارہی ہے۔ تحریک کے مرکزی صدر نسیم شاہ ایڈووکیٹ نے کہا کہ جسٹس جواد ایس خواجہ کا صریح فیصلہ آنے کے بعد بھی اردو کے عملی نفاذ کی طرف کسی پیش رفت کا نہ ہونا توہین عدالت کے زمرے میں آتا ہے۔