الخدمت کے تحت شہربھرمیں ’’ ماہ حیاء‘‘ کی تقریبات

163

کراچی(اسٹاف رپورٹر)الخدمت کراچی کے ’’آرفن کیئر پروگرام ‘‘کے تحت ہرسال کی طرح فروری کو ماہ ’’ حیاء ‘‘ کے طور پر منایا جا رہا ہے ۔اس سلسلے میں شہر کے مختلف اضلاع میں تقریبات کا اہتمام کیا گیا ۔ان تقریبات میں بچیوں میں حجاب اور اسکارف کے تحائف تقسیم کیے گئے ۔تقریبات کورنگی ،اورنگی ،لیاری اورملیر کے علاقوں میں منعقد کی گئیں،جن میں الخدمت شعبہ خواتین کی ذمہ داران نے شرکت کی ۔اس موقع پر بچیوں کے لیے ’’ حیا ء‘‘ کے عنوان سے لیکچرز کا اہتمام کیا گیا۔تربیتی نشستوں سے جنرل سیکرٹر ی الخدمت (خواتین ) کراچی ثمرہ نورنے ’’ مستحکم خاندان ‘‘ اورکوارڈنیٹر الخدمت خواتین راحیلہ افضال نے ’’ حیا ء ‘‘ کے عنوان سے اظہار خیال کیا ۔ ثمرہ نورنے کہا کہ مستحکم خاندان ہی معاشروں کی سلامتی کا ضامن ہوتاہے ۔خاندان افراد اور ان کے باہمی تعاون سے بنتے ہیں۔اگر یہ تعاون اور محبت نہ ہو تو کوئی خاندان مستحکم نہیں ہو سکتا۔ضروری ہے کہ ہم اچھے ،خوشحال اور مستحکم خاندان کے لیے نبی پاک ؐ کی حیات مبارکہ کو اپنی زندگیوں میں نافذ کریں ۔ راحیلہ افضال نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حیا ء ایمان کا لازمی جزو ہے ۔اس بنیادی صفت کے لیے اللہ تبارک وتعالیٰ کے واضح احکامات موجود ہیں ۔حیاء ختم ہوتی ہے تو انسان کا ضمیر بھی مر جاتا ہے ۔بے حیائی عام ہو تو اس کا وبال معاشرے پر پڑتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ معاشرے میں بے حیائی کا فروغ تباہ کن ہو گا ۔ضرورت ہے کہ نئی نسل اس سے بچے اور ایسے ایام منانے سے پرہیز کرے ۔