شہریوں سے کروڑوں لوٹنے والے میاں بیوی گرفتار نہیں ہوسکے

147

کراچی(اسٹاف رپورٹر)کراچی پولیس کار فنانسنگ کے نام پر شہریوں سے کروڑوں روپے لوٹنے والے میاں بیوی کو ڈیڑھ ماہ سے زائد گزرجانے کے باوجودگرفتار نہ کر سکی ، دونوں شہر چھوڑ کر فرار ہوگئے ،پولیس نے بے بسی کا اظہار کردیا۔ فیروزآباد کے اسٹیشن انویسٹی گیشن آفیسر انسپکٹر طارق بیگ نے بتایا کہ تھانے میں 5 مقدمات درج ہوئے ہیں ۔کمپنی چلانے والا جوڑا شہر چھوڑ کر روپوش ہوگیا ہے تاہم پولیس نے کچھ دن پہلے ہی عملے کے 3 افراد کو گرفتار کیا ہے۔ ملزمان کو عدالت میں پیش کرکے عدالتی تحویل پر بھیجا گیا تھا جنہوں نے بعد میں ضمانت حاصل کرلی۔تفصیلات کے مطابق گلشن اقبال، طارق روڈ اور ڈیفنس میں بٹ اینڈ سنز پرائیویٹ لمیٹڈ کے نام سے کام کرنے والی ایک کمپنی نے صارفین کو 5 فیصد شرح سود پر پسند کی گاڑیاں خریدنے کی پیش کش کی جو کہ بینکوں کے مقابلے میں6فیصد کم تھا، کمپنی کی جانب سے او ایل ایکس اور فیس بک اکائونٹ پر اشتہار پوسٹ کیے گئے جس پر شہریوں کی بہت بڑی تعداد نے ان سے رابطہ کیا۔کمپنی کے ساتھ ڈائون پیمنٹ کی رقم طے ہونے کے بعد درخواست گزار کی جانب سے باقاعدہ معاہدے پر دستخط کیے جاتے تھے۔ اگر کوئی درخواست گزار تصدیق کے آغاز سے پہلے ہی معاہدے کو منسوخ کرتا تھا تو اس کی ڈائون پیمنٹ سے 26 فیصد کٹوتی کی جاتی تھی۔ تمام تقاضے پورے کیے جانے کے بعد فائل میں کچھ غلطیاں ظاہر کی جاتیں، اور رقم دینے والے افراد کو دفتر کے چکر لگوائے جاتے۔کمپنی کا شکارابو فہد محمد سید کے مطابق انہوں نے31 ستمبر2020ء کو24 لاکھ روپے کی ہنڈا سٹی گاڑی کی بکنگ کرائی جس کے لیے ایک لاکھ روپے کی ڈائون پیمنٹ کی لیکن کمپنی یہی کہتی رہی کہ آپ کا ضامن ٹھیک نہیں۔ انہوں نے بتایا کہ19 جنوری 2021 کو ڈائون پیمنٹ کی واپسی کے لیے طارق روڈ برانچ پہنچا تو دیکھا دفتر بند ہے جس پر انہوں نے کمپنی مالکان کے خلاف فیروزآباد تھانے میں مقدمہ درج کرادیا، کمپنی مالکان کے خلاف شہر کے 3 تھانوں میں اب تک14 ایف آئی آر درج کی جا چکی ہیں۔