کشمیر سمیت تمام معاملات مذاکرات سے حل کرنا چاہتے ہیں‘ وزیراعظم

489

کولمبو(خبر ایجنسیاں) وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ مسئلہ کشمیر سمیت برصغیر میں تمام مسائل مذاکرات سے حل کرنے کے خواہاں ہیں۔دورہ سری لنکا کے موقع پر ٹریڈ اینڈ انوسٹمنٹ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے سری لنکا کو سیاحت، تجارت اور دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کی وجہ سے پاکستان اور سری لنکا کی سیاحت بہت متاثر ہوئی اس حوالے سے سری لنکا کے صدر سے مختلف امور پر گفتگو ہوئی، اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی سے متعلق سیرحاصل گفتگو ہوئی۔وزیراعظم نے کہا کہ میرا سیاست میں آنے کا مقصدغربت کا خاتمہ ہے، شوکت خانم کینسراسپتال غریبوں کیلیے ہی بنایا، سرمایہ کاری، منافع بخش بزنس کے ذریعے غربت کم کرسکتے ہیں، خطے کے ممالک کے ساتھ تجارتی تعلقات استوار کرکے غربت کم کرسکتے ہیں، خواہش ہے خطے میں امن، سیاحت، تجارت، سرمایہ کاری کیلیے کرداراداکریں۔وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ برصغیر میں تمام مسائل مذاکرات سے حل کرنے کے خواہاں ہیں، دنیا کے ہر فورم پر یہی موقف رہا کہ جنگ مسائل کا حل نہیں، بھارت سے ہمارا واحد اختلاف کشمیر پر ہے جو صرف ڈائیلاگ سے حل ہوسکتا ہے اور اقتدار میں آنے پر بھارت کو ڈائیلاگ کی پیشکش کی لیکن بات نہیں بنی، مسائل کا حل جنگ میں نہیں ،ڈائیلاگ میں ہے، ایک مسئلے کے حل کیلیے جنگ چھڑنے سے مزید تنازعات جنم لیتے ہیں۔علاوہ ازیں وزیراعظم عمران خان نے کہاہے کہ سری لنکا کے صدر کے ساتھ بہترین ملاقات ہو ئی جس میں دیہی علاقوں میں غربت کے خاتمے اور کسانوںکیلیے زیادہ مراعات پر بات چیت ہوئی ۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ گزشتہ روز سری لنکا کے صدرگوٹا بایا راجا پکسے سے بہترین ملاقات ہو ئی جس میں ہم نے دیہی علاقوں میں غربت کے خاتمے پر گفتگو کی اور کسانوں کیلیے زیادہ مراعات پر بھی سری لنکن صدر سے بات ہو ئی ۔قبل ازیں وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ اْنہوں نے کبھی روایتی سیاست جوائن نہیں کی بلکہ اْنہوں نے تن تنہا سیاست شروع کی جس میں اْن کے ساتھ چند لوگ تھے۔ سری لنکا کی وزارت کھیل کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کھیل زندگی میں جدوجہد کرنا سکھاتا ہے۔عمران خان نے کہا کہ کھیل اور سیاست میں اچھا اور برا وقت آتا رہتا ہے جبکہ ہمیں برے وقت سے سیکھنے کا موقع ملتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کامیاب وہی ہے جو شکست سے سبق حاصل کرتا ہے۔اْنہوں نے کہا کہ جب میں سیاست میں آیاتو وہ میرے لیے پہلے ٹیسٹ میچ جیسا تھا کیونکہ 14 سال تک میرے موقف کو تسلیم نہیں کیا گیا لیکن مشکل حالات میں ہمت نہیں ہارنی چاہیے۔عمران خان نے کہا کہ سیاست میں ہم نوجوانوں کے آگے لائے، کھیل کے میدان کے چیمپئن زندگی میں شکست نہیں کھاتے۔اْن کا مزید کہنا تھا کہ شکست تب ہوتی ہے جب ہمت ہار دیتے ہیں، بڑے خواب جیت کی جانب گامزن کرتے ہیں۔دریں اثناء وزیراعظم عمران خان نے سری لنکامیں پاکستانی بزنس کمیونٹی سے ملاقات کی۔بزنس کمیونٹی نے پاکستان اورسری لنکا کے درمیان تجارت،سرمایہ کاری بڑھانے کیلیے وزیراعظم عمران خان کو مختلف تجاویزپیش کیں۔وزیر اعظم نے اس موقع پر کہا کہ حکومت تاجروں کو سہولیات فراہم کرنے کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کرے گی۔