پاکستان اور سری لنکا دوطرفہ تعاون بڑھانے پر متفق ہیں،شاہ محمود

42

اسلام آباد(اے پی پی)پاکستان اور سری لنکا نے دو طرفہ تجارت، سرمایہ کاری، صحت ، تعلیم، زراعت، سائنس و ٹیکنالوجی سمیت انسانی وسائل کی ترقی، علاقائی سلامتی ، دہشتگردی کے خلاف جنگ میں دو طرفہ تعاون کے فروغ پر اتفاق کیا ہے۔ وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے بدھ کو کولمبو میں اپنے سری لنکن ہم منصب ڈائنش گناوردنا کے ساتھ ملاقات کی ۔ ملاقات میں ہونے والی بات چیت کے دوران دو طرفہ تعلقات ،مختلف شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون کے فروغ اور باہمی دلچسپی کے اہم علاقائی و عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کا حالیہ دورہ اس بات کا غماز ہے کہ پاکستان، سری لنکا کے ساتھ دو طرفہ تعلقات کو مزید وسعت دینے کا متمنی ہے ۔ وزیرِ اعظم عمران خان اور سری لنکن وزیر اعظم ماہندا راجا پکاسا کی مشترکہ صدارت میں ’’تجارت و سرمایہ کاری کانفرنس‘‘کا انعقاد، خوش آئند اقدام ہے جو دونوں ممالک کے درمیان دو طرفہ تجارتی تعلقات کو آگے بڑھانے میں کلیدی کردار ادا کرے گا۔وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان اور سری لنکا کے مابین دو طرفہ تجارت کے حجم کو بڑھانے کے لیے آزادانہ تجارتی معاہدے(ایف ٹی اے)کو وسعت دینے کی ضرورت ہے۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ علاقائی روابط کے فروغ کے لیے سارک فورم کو مزید فعال بنانے کی ضرورت ہے۔ دونوں وزرائے خارجہ نے اقوام متحدہ اور سارک سمیت اہم علاقائی و عالمی فورمز پر باہمی معاونت کے عزم کا اعادہ کیا۔