عدالت عظمیٰ نے موسیٰ خان کی درخواست ضمانت کا معاملہ نمٹا دیا

127

اسلام آباد(آن لائن)مولانا فضل الرحمن کے مبینہ فرنٹ مین موسیٰ خان کی درخواست ضمانت کی سماعت کے موقع پر نیب پراسیکیوٹر کی طرف سے عدالت عظمیٰ کو بتایا گیا کہ پشاور ہائیکورٹ نے 6 ماہ میں ٹرائل کورٹ کو ریفرنس پر سماعت مکمل کرنے کاحکم دے رکھا ہے۔عدالت عظمیٰ نے درخواست گزار کوہائیکورٹ کی ٹائم لائن گزرنے کے بعد ضمانت کی درخواست دائر کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے معاملہ نمٹا دیا۔درخواست ضمانت پر سماعت جسٹس مشیر عالم کی سربراہی میں 2 رکنی بینچ نے کی۔دوران سماعت ملزمان کے وکیل کامران مرتضیٰ نے دلائل دیے کہ میرے موکل کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جا رہا ہے ، میرے موکل کیخلاف بے بنیاد الزامات لگائے گئے،ریفرنس میں جس جائداد کا ذکر ہے وہ میرے موکل کی والدہ کی ہے۔پراسیکیوٹر نیب نے عدالت کو بتایا کہ ریفرنس میں جس جائداد کا ذکر ہے وہ پرائیویٹ شخص سے خریدی گئی، موسیٰ خان کے والدین کے پاس یہ جائداد خریدنے کے وسائل نہیں تھے۔ جسٹس مشیر عالم نے اس موقع پر سوال اٹھایا کہ ٹرائل کورٹ میں ریفرنس پر کارروائی کی کیا پوزیشن ہے۔ جس پر نیب پراسیکیوٹر نے بتایا کہ ریفرنس میں 40 گواہان کو شامل کیا گیا ہے، پشاور ہائیکورٹ نے 6 ماہ میں ٹرائل کورٹ کو ریفرنس پر سماعت مکمل کرنے کاحکم دے رکھا ہے۔عدالت عظمیٰ نے درخواست گزارکوہائیکورٹ کی ٹائم لائن گزرنے کے بعد ضمانت کی درخواست دائر کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے معاملہ نمٹا دیا۔