سندھ میں گورنر راج نہیں آرہا‘ آئی جی کی تبدیلی ناگزیر ہوگئی‘ عمران اسماعیل

401

کراچی(اسٹاف رپورٹر)گورنرسندھ عمران اسماعیل نے کہاہے کہ وزیراعظم کو بتا دیا ہے کہ سندھ میں آئی جی کی تبدیلی ناگزیر ہوچکی ہے،آئی جی سندھ کی تبدیلی کے لیے وزیراعلیٰ سندھ کوخط لکھ دیا ہے،جواب کا انتظارہے،سندھ میں گورنر راج کا کوئی امکان نہیں ہے اوروزیراعظم نے کبھی اس حوالے سے کوئی بات نہیں کی، سینیٹ ٹکٹ پارلیمانی بورڈ نے دیے ہیں، لیاقت جتوئی سے میں خود بات کروں گا۔کراچی کے مقامی ہوٹل میں صحافیوں سے گفتگو کے دوران گورنر سندھ نے سینیٹ کے لیے پارٹی ٹکٹ اورتحریک انصاف کے رہنماؤں کے مابین الزام تراشی پر کہاکہ سینیٹ ٹکٹ پارلیمانی بورڈ نے دیے ہیں،ایک ایک نام پر مشاورت ہوئی ہے ، سیف اللہ ابڑو کو ٹکٹ پارلیمانی بورڈ نے دیا ہے ، پارلیمانی بورڈ کی سربراہی وزیراعظم نے کی تھی، سیف اللہ ابڑو کا تعلق پسماندہ علاقے سے ہے،ہم نے لاڑکانہ کو بھی سیف اللہ ابڑو کی صورت میں سینیٹ میں نمائندگی دی ہے،لیاقت جتوئی کے الزامات کی تحقیقات ہونی چاہیے ،لیاقت جتوئی سے میں خود بات کروں گا۔ان کا کہنا تھا کہ پارلیمنیٹرین آئی جی سندھ سے نالاں ہیں،میں نے وزیراعلیٰ سندھ کو خط لکھا ہے ،اب جواب کا انتظار ہے ، امید ہے وزیراعلیٰ سندھ جلد خط کا جواب دیں گے ،میں نے اپنا آئینی حق استعمال کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ سے مکمل رپورٹ مانگی ہے،وزیراعلیٰ سندھ جب مجھے رپورٹ دیںگے تو میں وزیراعظم کو مکمل ثبوت کے ساتھ معاملے سے آگاہ کروں گا۔