سری لنکا کا اسپورٹس کمپلیکس وزیر اعظم عمران خان کے نام سے منصوب

759

کولمبو:سری لنکا نے اسپورٹس کمپلیکس کو وزیر اعظم عمران خان کے نام سے منصوب کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان  کے دورہ سری لنکا کے دوران سری لنکن پارلیمنٹ کے اسپیکر اور وزیر یوتھ اینڈ اسپورٹس کی جانب سے ان کے اعزاز میں ظہرانے کا اہتمام کیا گیا، تقریب وزیراعظم عمران خان کو بطور کھلاڑی خراج تحسین پیش کرنے کے لیے رکھی گئی۔

تقریب میں سری لنکن وزرا، پارلیمنٹیرینز اور کھلاڑیوں نے شرکت کی۔ سری لنکن وزیر کھیل نے وزیراعظم کو اعلی پرفارمنس اسپورٹس کمپلیکس کے مجوزہ منصوبے پر بریفنگ دیتے ہوئے اعلان کیا کہ اسپورٹس کمپلیکس وزیراعظم عمران خان کے نام سے منصوب کیا جائے گا۔

تقریب میں وزیراعظم عمران خان کی بطور کرکٹر ڈاکیومینٹری بھی دکھائی گئی، وزیراعظم کے کرکٹ کیریئر پر سری لنکن کھلاڑیوں نے بھی انہیں خراج تحسین پیش کیا۔

وزیراعظم  نے سری لنکن مہمان نوازی پر اظہار تشکرکرتے ہوئے  بطور کھلاڑی، سیاسی جماعت کا سربراہ اور بطور وزیراعظم اپنے تجربات سے آگاہ کیا۔وزیراعظم نے تقریب کے شرکاکو بطور نوجوان یونیورسٹی طالبعلم اور نوجوان کھلاڑی سری لنکا دورے کے تجربے سے  بھی آگاہ کیا۔

عمران خان نے سری لنکن کھلاڑیوں خصوصا ارجنا رانا ٹنگا کے تقریب میں شمولیت پر شکریہ ادا کیا۔سری لنکن وزیر کھیل نے وزیراعظم کو یادگاری شیلڈ پیش کی جبکہ وزیراعظم نے اپنا دستخط شدہ بیٹ سری لنکن وزیر کو پیش کیا۔