جہاں کتا کاٹے گا وہاں کا ایم پی اے معطل ہوگا، سندھ ہائیکورٹ

343

کراچی: سندھ ہائیکورٹ سکھر بینچ کا کہنا ہے کہ جہاں کتے کے کاٹنے کا واقعہ ہوا اس علاقے کا ایم پی اے معطل ہوگا۔

تفصیلات کے مطابق سندھ ہائی کورٹ سکھر بینچ نے آوارہ کتوں کے کاٹنے سے متعلق کیس کی سماعت کے دوران سخت ریمارکس دیتے ہوئے کہا ہے کہ جس علاقے میں کتے کے کاٹنے کا واقعہ پیش آئے گا اس علاقے کا ایم پی اے معطل ہوگا۔

سندھ ہائی کورٹ سکھر بینچ کے ڈبل بینچ نے سندھ میں کتوں کے کانٹے کے بڑھتے ہوئے واقعات کے خلاف داخل آئینی پٹیشن کی سماعت کی جبکہ عدالتِ عالیہ نے اس حوالے سے پیش کردہ رپورٹس پر عدم اطمینان کا اظہار کیا اور ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ میونسپل افسران کتا مار مہم چلانے میں ناکام رہے ہیں۔

سندھ ہائی کورٹ نے ریمارکس دیے کہ اگر اب کوئی واقعہ پیش آیا تو سیکریٹری لوکل گورنمنٹ کو ہدایت دیتے ہیں کہ وہ اس میونسپل افسر کی تنخواہ بند کرے اور اسے سر پلس کر دے۔

دوران سماعت جسٹس آفتاب نے ریمارکس دیے کہ اب جس علاقے میں کتے کے کاٹنے کا واقعہ پیش آئے گا اس علاقے کے ایم پی اے کو معطل کیا جائے گا اور وہ سینیٹ الیکشن میں اپنا ووٹ بھی کاسٹ نہیں کر سکے گا۔

سرکاری وکیل کا کہنا ہے کہ کتے کاٹنے کے  واقعات سے ایم پی ایز کا تعلق نہیں۔

عدالتِ عالیہ نے ریمارکس دیے کہ ہمیں پتہ ہے کہ کتا مار مہم کے حوالے سے آنے والے فنڈز میں سے کسے کمیشن دیا جاتا ہے، ہمارا منہ نہ کھلوایا جائے تو بہتر رہیگا ، عوام کا تحفظ کرنا ممبر اسمبلی کا فرض ہے۔

سندھ ہائیکورٹ سکھر بینچ  نے کتوں کے کانٹے کے بڑھتے ہوئے واقعات کے خلاف داخل آئینی پٹیشن کی سماعت 16 مارچ تک ملتوی کر دی جبکہ سماعت کے موقع پر افسران کی رپورٹس کو غیر تسلی بخش قرار دے دیا۔