ووٹ چوری میں عمران خان کے نیچے کام کرنے والی ایجنسیاں ملوث ہیں، مریم نواز

390

وزیر آباد: مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے دعویٰ کیا ہے کہ ووٹ چوری میں عمران خان کے نیچےکام کرنے والی ایجنسیاں ملوث ہیں، ان کے نام پاس آچکے ہیں کہ کہ کس نے ڈسکہ کے پریزائیڈنگ افسروں کو اغوا کیا۔

وزیر آباد میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ میں وزیرآباد کے بہادر عوام کو مبارکباد پیش کرنے آئی ہوں، دھونس اور دھاندلی کے باوجود عوام نے ووٹ کو عزت دو کی جنگ لڑی، وزیرآباد نے بدترین دھاندلی کے باوجود ووٹ کو عزت دی، ڈسکہ اور وزیرآباد پہلے بھی نوازشریف کا تھا اور آج بھی نوازشریف کا ہے، پاکستان اور پنجاب جاگ چکا ہے اور اب پرانے پاکستان کو لا کر ہی دم لیں گے۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ وزیر آباد والوں نے ووٹوں کے تھیلے لےکر بھاگنے والوں کو پیچھے سے پکڑا، وزیر اعظم آفس سے ہدایات کے بغیرایک سوئی بھی نہیں ہل سکتی، یہ مقامی تحریک انصاف یا انتظامیہ کا کام نہیں، ان کے نام پاس آچکے ہیں کہ کہ کس نے ڈسکہ کے پریزائیڈنگ افسروں کو اغوا کیا، کتنوں کو ایک ڈیرے پر لے جایا گیا، ڈیرے پر پی ٹی آئی کا کون کون سارکن اور کس کس ایجنسی کا کون کون رکن تھا، یہ خود سچ بتادیں ورنہ وہ عوام کے سامنے سچ لائیں گی۔

انہوں نے کہا کہ آپ نے آٹا، بجلی اورگیس چوروں کا مقبرہ بنا کر انہیں دفن کردیا ہے، نوازشریف اور شہبازشریف کی حکومت پنجاب میں نہیں ہے لیکن پنجاب نے اپنے ووٹوں پر ڈاکہ نہیں ڈالنے دیا اور چوروں کو بھی پکڑ لیا، ہر جگہ سے ہارنے پر کہہ رہے ہیں کہ ہمارا ووٹ بینک بڑھ گیا ہے۔

مریم نواز نے کہا کہ عوام تو ہاتھ اٹھا اٹھا کر ان کو بددعائیں دے رہی تو پھر ان کو ووٹ کون دے گا؟ انہوں نے کہا کہ نوازشریف پر جھوٹے الزامات لگا کر انہیں ملک سے باہر رکھنے کی کوشش کی گئی ہے۔

نائب صدر مسلم لیگ ن نے کہا کہ 2018 میں ووٹ چوری کیے اور 2021میں عملہ ہی غائب کردیا، 20 پولنگ اسٹیشنز کا عملہ غائب کیا گیا، مریم نواز نے کہا کہ پولنگ افسران سے پوچھا گیا کہاں تھے؟  تو جوابا کہا کہ گاڑی خراب ہوئی اور دھند کافی تھی، جن پولنگ اسٹیشن والوں کی گاڑیاں خراب ہوئیں ان کا رزلٹ آسمان پر پہنچ گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ غائب ہونے والے افسران کے پولنگ اسٹیشنز پر 85 فیصد رزلٹ آیا، یہاں کے عوام نے 2018 کے الیکشن کا پول کھول دیا، الیکشن کمیشن نے خود کہا کہ ہمارے 20 افسران غائب ہوگئے، اور دھند میں موبائل فونز بھی بند ہو جاتے ہیں؟، جب چوری پکڑی گئی تو کہا گیا کہ 20 پولنگ اسٹیشنز پر دوبارہ پولنگ کرالو، اب اگر الیکشن ہوگا تو پورے حلقے میں ہوگا، ایک حلقے پر ڈاکہ ڈالنے کے لیے پنجاب انتظامیہ نے پورا زور لگایا پھر بھی ن لیگ کی جیت ہوئی۔