دیہی علاقوں کے مسائل حل کرنا ترجیحات میں شامل ہے، نصرت واحد

395

رکن قومی اسمبلی پی ٹی آئی کی جانب سے نوکوٹ کے گاﺅں میں ہینڈ پمپ کی تنصیب

کراچی

پینے کے صاف پانی کی فراہمی کیلئے پی ٹی آئی کی رکن قومی اسمبلی اور وومن ونگ کی مرکزی جوائنٹ سیکریٹری ویسٹرن ریجن نصرت واحد کی جانب سے نوکوٹ کے گاﺅں حبیب چانڈیو، کرم چند بھیل ، ارجن داس کولہی و دیگر مقامات پر ہینڈ پمپ لگادیئے گئے۔ دیہی علاقوں کے مکینوں کے مطابق یہاں پانی کی شدید قلت ہے اور دور دراز مقامات سے پینے کیلئے پانی لایا جاتا ہے۔

نوکوٹ میں ہینڈ پمپ کی تنصیب سے ہمارا بڑا مسئلہ حل ہوگیا ہے۔ اس سلسلے میں نصرت واحد نے گاﺅں کے رہائشیوںسے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دیہی علاقوں کے مسائل حل کرنا تحریک انصاف کی ترجیحات میں شامل ہے۔ پانی کے ساتھ صحت و تعلیم کی سہولتوں کی فراہمی کیلئے بھی اقدامات کیے جائیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مقامی لوگوں کے بنیادی مسائل حل کرنا صوبائی حکومت کی ذمہ داری ہے لیکن وزیر اعلیٰ مراد علی شاہ اور صوبائی کابینہ کے ارکان عوام کی سہولتوں کی فراہمی میں ناکام ہوگئے ہیں۔ نصرت واحد نے مزید کہا کہ دیہی علاقوں کو شہروں کے برابر لانا ہمارا مشن ہے جس کیلئے وفاقی حکومت عملی طور پر اقدامات کررہی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ دیہاتوں کو جدید شہروں میں تبدیل کرنا چاہتے ہیں۔ یہ وزیر اعظم عمران خان کا وژن ہے۔ نچلے طبقے کو اوپر لایا جائے ۔ اس موقع پر پی ٹی آئی کے نوکوٹ سٹی کے سابق صدر سعید چانڈیو نے رکن قومی اسمبلی کی جانب سے ہینڈ پمپ کی تنصیب پر ان کا شکریہ ادا کیا۔