پی ایس ایل: اسلام آباد یونائیٹڈ نے کراچی کنگز کو 5 وکٹ سے شکست دیدی

420

کراچی: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن 6 کے چھٹے میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے کراچی کنگز کو 5 وکٹ سے شکست دیدی۔

نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے گئے میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے کراچی کنگز کے 197 رنز کا ہدف 19.1 اوور میں 5 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا، ہدف کے تعاقب میں اسلام آباد کا آغاز اچھا نہ رہا، اور دو وکٹیں صرف 13 رنز پر گنوادیں،  اوپنر فل سالٹ اور کپتان شاداب خان صفر پر پویلین لوٹ گئے ، جس کے بعد الیکس ہیلز اور الیکس ہیلز نے جارحانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا، اور ٹیم کے اسکور کو 5.3 اوورز میں 75 رنز تک پہنچادیا، اس موقع پر الیکس ہیلز برق رفتار 46 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، جبکہ اگلے ہی اوور میں فہیم اشرف بھی 25 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔

82 پر 4 کھلاڑی آؤٹ ہونے کے بعد افتخار احمد اور حسین طلعت نے اسکور کو آگے بڑھایا اور پانچویں وکٹ کے لیے 94 رنز کی شراکت قائم کی، افتخار احمد نے 49 اور حسین طلعت نے جارحانہ 42 رنز کی اننگز کھیلی تاہم حسین طلعت ایل بی ڈبلیو ہوگئے جس کے بعد آصف علی نے صرف 9 گیندوں پر 21 رنز کی برق رفتار اننگ کھیلی جس کی بدولت اسلام آباد کی ٹیم نے 197 رنز کا ہدف 5 وکٹوں کے نقصان پر 19.1 اوور میں حاصل کرلیا۔

اس سے قبل اسلام آباد یونائیٹڈ نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تو کراچی کی جانب سے اننگز کا آغاز شرجیل خان اور بابر اعظم نے کیا۔ دونوں اوپنرز نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا، اور اسلام آباد کے بولرز کی خوب درگت بنائی۔

دونوں کے درمیان پی ایس ایل کی ریکارڈ 176 رنز کی اوپننگ شرکت ہوئی جس کے بعد بابر اعظم 62 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے جب کہ اگلی ہی گیند پر شرجیل خان بھی 106 رنز کی جارحانہ اننگز کھیل کر پویلین لوٹ گئے۔ اس کے بعد ڈینیئل کرسچئن 12 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے جبکہ محمد نبی 7 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔

شرجیل خان نے رواں  سیزن کی پہلی سنچری اسکور کی، جبکہ انہوں نے اپنے پی ایس ایل کیریئر کی دوسری سنچری اسکور کی، شرجیل خان نے 55 گیندوں پر8 چھکے اور 9 چوکوں کی مدد سے سنچری بنائی۔ جس کی بدولت مقررہ 20 اوورز میں کراچی کنگز کی ٹیم 3 وکٹوں کے نقصان پر 196 رنز بنانے میں کامیاب ہوئی۔