امریکی گالفر ٹائیگر ووڈز ٹریفک حادثے میں زخمی

369

لاس اینجلس: گالف کے سابق عالمی نمبر ایک کھلاڑی ٹائیگر ووڈز لاس اینجلس میں ٹریفک حادثے میں شدید زخمی ہوگئے تاہم حادثے میں انہیں گہری زخم آئے ہیں مگران کی جان کو کوئی خطرہ نہیں۔

بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق 45 سالہ گالف چیمپیئن ٹائیگر ووڈز کی گاڑی لاس اینجلس کے قریب تیز رفتاری کے باعث ٹکرا کر الٹ گئی جبکہ حادثے میں امریکی گالفر ٹائیگرووڈز کو پاؤں میں گہرے زخم آئے ہیں۔

پولیس کے مطابق ٹائیگر ووڈز خود گاڑی چلا رہے تھے اور ان کی کار کی رفتار بہت زیادہ تھی اس دوران ان کی کار درخت سے ٹکرانے کے بعد کئی مرتبہ الٹی ہوکر روڑ سے دور جاگری جبکہ حادثے میں انہیں بہت سی چوٹیں لگی ہیں۔

لاس اینجلس کاؤنٹی فائر محکمہ کے سربراہ ڈیرل اوسبی نے حادثے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ ٹائیگر ووڈز کی حالت مستحکم ہے اور وہ ہوش میں ہیں اور مجھے پتہ چلا ہےکہ ان کی ٹانگ میں شدید چوٹیں آئی ہیں۔

دوسری جانب واقعے کی اطلاع ملنے پر امدادی ٹیمیں جائے حادثے پر پہنچی اور ٹائیگر ووڈز کو گاڑی کے ملبے سے نکال سے ہاربر یو سی ایل اے میڈیکل سینٹر منتقل کیا جبکہ  کاؤنٹی شیرف نے واقعے سے متعلق بتایا کہ سابق ورلڈ چیمپیئن ٹائیگر ووڈز کی انجری جان لیوا نہیں ہے اور حادثے سے متعلق ابھی تک کوئی ثبوت حاصل نہیں ہوسکا ہے اور نہ ہی گاڑی میں خرابی سے متعلق کوئی اطلاع منظر عام پر آئی ہے۔

یاد رہے ٹائیگر ووڈز اس سے قبل 2009ء میں بھی ٹریفک حادثے کا شکار ہوئے تھے جبکہ 2017ء میں انہیں پولیس نے نشے کی حالت میں گاڑی چلانے کے شبہے میں حراست میں بھی لیا تھا۔

واضح رہے طویل عرصے تک گالف کے نمبر ون کھلاڑی رہنے والے اور تاریخ کے کامیاب ترین گالفرز میں سے ایک ٹائیگر ووڈز ان دنوں گالف کی عالمی رینکنگ میں پچاسویں پوزیشن پر ہیں۔