این اے 75 میں بے ضابطگیاں دیکھنے میں آئیں‘ فافن

157

اسلام آباد (صباح نیوز) فری اینڈ فیئر الیکشن نیٹ ورک (فافن) نے 16تا 22 فروری کو ہونے والے ضمنی انتخابات کے حوالے سے رپورٹ جاری کردی ہے۔ رپورٹ قومی اسمبلی کی 3 اور صوبائی اسمبلی 5 نشستوں سے متعلق ہے۔رپورٹ میں بتایا کہ ضمنی انتخابات کے دوران مجموعی طور پر انتخابی نظام میں واضح بہتری نظر آئی جبکہ کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی، غیر قانونی الیکشن مہم کی عمومی خلاف ورزیاں سامنے آئیں۔ فافن رپورٹ کے مطابق این اے 75 ضمنی الیکشن میں ووٹوں کی گنتی کے دوران بے ضابطگیاں دیکھنے میں آئیں جس کے باعث الیکشن کمیشن کو اس نشست پر نتیجہ روکنا پڑا۔ فافن رپورٹ کے مطابق انتخابات کے دوران تشدد کے واقعات روکنے کے لیے الیکشن کمیشن کو سخت اقدامات کرنے کی ضرورت ہے‘ شفاف انتخابات کی راہ میں حائل سرکاری افسران کو جرمانے اور سخت سزائیں دی جائیں‘ تاخیر سے نتائج موصول ہونے والے حلقوں میں الیکشن کمیشن دوبارہ انتخابات کراسکتا ہے۔ این اے 75 کے واقعات کے باوجود حالیہ ضمنی انتخابات 2018 کے عام انتخابات سے بہتر تھے۔