میرپورخاص میں آوارہ و خارش زدہ پاگل کتوں کی بھرمار

88

میرپورخاص (نمائندہ جسارت) شہر اور گردو نواح میں آوارہ خارش زدہ پاگل کتو ں نے شہریوں کی زندگی اجیرن کر دی ،کتے کاٹے کے دو واقعات پر سی ایم او میرپورخاص کے خلاف دو مقدمات درج کر لیے گئے۔ تفصیلات کے مطابق میونسپل کمیٹی میرپورخاص انتظامیہ کی غفلت اور لاپرواہی کے باعث شہر اور دیگر مضافات میں آوارہ خارش زدہ پاگل کتوں کے باعث شہری سخت پریشان ہیں، شہر کے علاقوں میں رات ہوتے ہی آوارہ کتوں کے غول کے غول دندناتے پھرتے ہیں اور کتے کاٹے کے واقعات روز کا معمول بنے ہوئے ہیں ۔عوامی مطالبات کے باوجود انتظامیہ کی جانب سے شہر میں کتا مار مہم شروع نہیں کی جا رہی ہے۔ گزشتہ روز میرپورخاص کے علاقے لطیف ٹاﺅن میں دو بچوں مہک بنت اسلم شاہ اور محمد ایوب ولد محمد عمر کو آوارہ کتوں نے کاٹ لیا جس پر مہران پولیس تھانے کے ایس ایچ او افتخار باجوہ کی مدعیت میں چیف میونسپل آفیسر راج کمار کے خلاف دو مقدمات درج کیے گئے ہیں۔ ایف آئی آرمیں بچوں کو کتے کاٹنے کی وجہ سے سی ایم او کی غفلت اور لاپرواہی ظاہر کی گئی ہے تاہم کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی ہے۔