ڈگری، نہر کے کنارے قائم پختہ دکانیں ، ہوٹل اورچھپرے مسمار

161

ڈگری(نمائندہ جسارت)ڈگری میں محکمہ آبپاشی کی زیر نگرانی مرید مائننر اور مرید ڈسٹری کے نہرکے کناروں پر قائم تجاوزات کے خلاف آپریشن، آم موری اسٹاپ کے مقام پر واقع دکانیں، ہوٹل، کیبن اور چھپرے مسمار کر دیے گئے۔تفصیلات کے مطابق عدالتی احکامات کی بنیاد پر ڈگری کے قریب آم موری اسٹاپ پر نہر کے کناروں پر قائم غیرقانونی تجاوزات کو ختم کرنے کے لیے آپریشن کیا گیا۔آپریشن میں محکمہ آبپاشی، اسسٹنٹ کمشنر ڈگری جھامن داس، ایس ڈی او محکمہ آبپاشی اختر خاصخیلی اور ایس ایچ او ڈگری آفتاب رند کی نگرانی میں کیے گئے آپریشن کے دوران نہر کنارے قائم پختہ دکانیں، کیبن، ہوٹل اور چھپرے مسمار کردیے گئے۔ اس موقع پر متاثرین دکانداروں نے احتجاج کیا اور کہا کہ ہم عرصہ دراز سے یہاں آباد ہیں، ہمارے گزر بسر کا یہی ایک واحد ذریعہ تھا جسے تجاوزات کی آڑ میں مسمار کردیا گیا۔ اب ہم غریب لوگ کہاں جائیں۔ہمارا ذریعہ معاش ختم کردیا گیا۔ ہمارے معصوم بچوں کی روزی چھین لی گئی۔آپریشن سے متاثر ہونے والے دکانداروں نے مذکورہ آپریشن کو عوام دشمن آپریشن قرار دیا۔متاثرین نے مطالبہ کیا کہ ہمارے نقصان کا ازالہ کیا جائے یا ہمیں متبادل جگہ فراہم کی جائے تاکہ ہم اپنا کاروبار کرسکیں۔