جھڈو، گندم کی کٹائی کا آغاز ،نرخ میں کمی ہونے کا امکان

123

جھڈو (نمائندہ جسارت) زیریں سندھ کی تحصیل جھڈو میں گندم کی کٹائی کا آغاز ہوگیا ہے،جس سے گندم کے نرخ میں کمی اور ضروریات جلد پوری ہونے کا امکان ہے، کاشت کاروں کا کہناہے کہ حکومت یکم مارچ سے گندم کی خریداری کے مراکز کو فعال بنائے۔تفصیلات کے مطابق ضلع میرپورخاص کی تحصیل جھڈو میں گندم کی باقاعدہ کٹائی کہیں کہیں شروع ہوگئی ہے،یوسی میر خدابخش ،یوسی فضل بھمبھرو اور یوسی روشن آباد کے مختلف علاقوں میں بعض کاشت کاروں نے اپنی زمینوں سے گندم کی کٹائی اور تھریشنگ کے بعد 2160روپے میں مارکیٹ میں گندم فروخت کی،یکم مارچ سے گندم کی فصل مارکیٹ میں آنے کے بعد گندم کی قیمتوں میں کمی کا امکان ہے، مخصوص آب وہوا،گندم کی جلد کاشت اور دن کا درجہ حرارت بڑھنے سے زیریں سندھ کی تحصیل جھڈو کے میں ملک بھر میں سب سے پہلے گندم کی فصل تیار ہوکر مارکیٹ میں فروخت کیلیے دستیاب ہوتی ہے، گندم کی کٹائی کے آغاز کے بعد کاشتکاروں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طورپر گندم کی سرکاری خریداری کے مراکز کو فعال کیاجائے تاکہ کاشتکاروں کوگندم کے سرکاری نرخ مل سکیں۔دریں اثنا محکمہ ایگریکلچر میرپورخاص کے ذرائع کاکہناہے کہ اس سال ضلع میرپورخاص میں ایک لاکھ 54ہزار ایکڑ پر گندم کی کاشت کی گئی ہے،گندم کی بہتر فصل اور فی ایکڑ پیداوار میں اضافے سے مقررہ ہدف کا97فیصد حاصل کرلیاجائے گااور امیدہے کہ ضلع بھر سے 50لاکھ من گندم حاصل ہوجائے گی۔