عوام تحریک انصاف کی تبدیلی سے بے زار ہوچکے ہیں،جاوید قصوری

259

لاہور (وقائع نگار خصوصی)امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ ضمنی انتخابات کے نتائج نے ثابت کردیا ہے کہ عوام تحریک انصاف کی تبدیلی سے بے زار ہوچکے ہیں۔ تبدیلی کا نعرہ لگانے والوں کو تبدیل کرنے کا وقت آن پہنچا ہے۔ ڈھائی سالوں میں عوام کو صرف جھوٹے وعدوں اور دعوؤں کے سوا کچھ نہیں ملا۔ حکمران منصوبوں کا اعلان تو کرتے ہیں مگر انہیں پایہ تکمیل تک نہیں پہنچایا جاتا۔ ان خیالا ت کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز مختلف تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے لاہور میں 51مصنوعی جنگلات کے منصوبے پر بات کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت کا وطیرہ بن چکا ہے کہ ہر نا اہلی اور ناکامی کا بوجھ پچھلی حکومتوں پر ڈال کر خود کو بری الذمہ قرار دے دیا جائے۔ گزشتہ سیزن میں پنجاب کے تین فاریسٹ زونز لاہور، راولپنڈی اور ملتان کو سونامی ٹری منصوبے کے تحت جو فنڈ مہیا کیے گئے تھے وہ کہاں خرچ ہوئے ہیں؟ ملک میں اربوں پودے لگانے کے دعویداروں نے کھربوں روپے تو خرچ کردیے ہیں مگر قوم کو پودے کہیں نظر نہیں آرہے۔ انہوں نے کہا کہ ہر شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والا شخص اپنے جائز مطالبات کو تسلیم کروانے کے لیے سڑکوں پر نکلنے کے لیے مجبور ہے۔ 4ماہ سے سپیڈو بس سروس کے ملازمین کو تنخواہ نہیں دی گئیں۔ ملازمین اور مزدوروں کے گھروں میں نوبت فاقہ کشی تک آگئی ہے۔ ضلعی اور صوبائی دونوں حکومتیں خاموش تماشائی بن چکی ہیں۔ محمد جاوید قصوری نے اس حوالے سے مزید کہا کہ دنیا بھر کی حکومتیں عوامی فلاح و بہبود کے لیے شروع کیے جانے والے منصوبوں پر سبسڈی دیتی ہیں۔ جو عوام اپنے خون پسینے کی کمائی سے حکومت کو ٹیکس ادا کرتے ہیں تو ان کو ریلیف فراہم کرنا بھی حکمرانوں کی پہلی ترجیحات میں شامل ہوتا ہے۔ بد قسمتی سے ہمارے ملک میں حکمران سبسڈی کو عوا م پر احسان تصور کرتے ہیں جو کہ شرمناک ہے۔