تاجروں کے ساتھ ناروا سلوک فوری طوربند کیا جائے

66

فیصل آباد(وقائع نگار خصوصی)جماعت اسلامی کے رہنمائوںپروفیسرمحبوب الزماںبٹ ، انجینئرعظیم رندھاوا اور میاںطاہرایوب نے ضلعی انتظامیہ کی طرف سے 8 بازاروں میں تجاوزات کی آڑ میں تاجروں کی کروڑوں روپے کی دکانوں کو مسمار کرنے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایک کروڑ لوگوں کو روزگار دینے کا وعدہ کرنے والے اب لوگوں کاروزگار چھین رہے ہیں، تاجروں کے ساتھ ناروا سلوک فوری طوربند کیا جائے، تاجروں کے ساتھ ناانصافی نہیں ہونے دیں گے، جماعت اسلامی تاجربرادری کے ساتھ ہے۔ جن لوگوں کی دکانیں مسمار کی گئی ہیں ان کا ازالہ کیا جائے ۔انہوں نے کہا کہ تاجر برادری محب وطن ہے اور ملکی تعمیر و ترقی اور خوشحالی میں اس کا کردار فراموش نہیں کیا جا سکتا،تاجر برادری کورونا کی وجہ سے پہلے ہی گزشتہ ایک سال سے بحران کا شکار ہے،ضلعی انتظامیہ نے تاجروں کی دکانیں مسمار کر کے انہیں زندہ درگور کر دیا ہے‘ متاثرین کے گھروں کے چولہے ٹھنڈے ہو گئے ہیں ،یہ لوگ پچاس سال سے اپنے بچوں کا رزق کما رہے ہیں اگر ان کی دستاویزات غلط ہیں تو ان کو متبادل جگہ فراہم کی جائے ۔ انہوں نے حکومت سے اپیل کی کہ اپریشن فوری طور پر بند کیا جائے اور ضلعی انتظامیہ کو پابند کیا جائے کہ وہ آپریشن کرنے سے قبل تاجروں کے منتخب عہدیداروں سے مشاورت کریں۔