لاڑکانہ، روپوش و مطلوب دو ملزمان گرفتار، بھینس اور موٹر سائیکل برآمد

142

لاڑکانہ (نمائندہ جسارت) ایس ایس پی لاڑکانہ مسعود احمد بنگش کی ہدایات پر لاڑکانہ پولیس نے جرائم پیشہ افراد کیخلاف کارروائیاں کرتے ہوئے روپوش و مطلوب دو ملزمان کو گرفتار کرکے چوری شدہ بھینس اور موٹر سائیکل برآمد کرلی۔ اللہ آباد پولیس نے روپوش ملزم اعجاز عرف مجاہد ویسر کو اور ایئر پورٹ پولیس نے مطلوب ملزم ذوالفقار علی کو گرفتار کرلیا جبکہ کیٹی ممتاز پولیس نے دیہاتی میہر جونیجو کی چوری شدہ بھینس اور دھامراہ پولیس نے شہری اورنگزیب کی چوری شدہ موٹر سائیکل برآمد کرکے اصل مالکان کے حوالے کردی۔ لاڑکانہ شہر اور گردونواح میں مختلف حادثات اور واقعات میں بچے سمیت چار افراد زخمی ہوئے، جنہیں اسپتال منتقل کیا گیا۔ لاڑکانہ کے قریب بقاپور تھانے کی حد گاؤں جلال جتوئی میں مسلح افراد نے فائرنگ کرکے قیصر جتوئی اور ان کے 8 سالہ بھتیجے عزیز جتوئی کو زخمی کردیا۔ رتو ڈیرو کے قریب گوپانگ بس اسٹینڈ پر دو موٹر سائیکلوں میں ٹکر کے نتیجے میں گڑھی یاسین تحصیل کے گاؤں محمد چھٹل کا رہائشی موٹر سائیکل عثمان پریو سمیت دو افرا زخمی ہوئے، تمام زخمیوں کو علاقہ مکینوں نے چانڈکا اسپتال کے شعبہ حادثات منتقل کیا، جہاں انہیں طبی امداد دی گئی۔ ڈوکری شہر کے غلام شاہ محلے میں 15 روز قبل جنسی زیادتی کا نشانہ بننے والی پانچ سالہ بچی مرک کلہوڑو کیس میں نامزد مرکزی ملزم رحیم عرف سہنل شاہ کو ڈوکری پولیس نے انسداد دہشت گردی کی عدالت میں پیش کیا، جہاں عدالت نے ملزم کو تین روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کرنے کے احکامات جاری کردیے۔ دوسری جانب ریمانڈ کے بعد پولیس نے ملزم کو ڈوکری تھانے منتقل کردیا۔