ٹنڈوجام ،الخدمت فائونڈیشن کے میڈیکل اسٹور میں چوری

20

ٹنڈوجام(نمائندہ جسارت)الخدمت میڈیکل سینٹر ٹنڈوجام پر اور جنرل اسٹور میں چوری کی واردات انتظامیہ کی نا اہلی نے عوام کا سکون برباد کر دیا ہے ،تاجر اور عوام پریشان ہیں۔تفصیلات کے مطابق الخدمت میڈیکل سینٹر ٹنڈوجام کے میڈیکل اسٹور کے شٹر کو نامعلوم چوروں نے جیک لگا کر توڑ کر چوری کی واردات کی لیکن فجر کی نماز کی وجہ سے ان کی میڈیکل سینٹر کے جنریٹر کو لے جانے کی کوشش نا کام ہوگئی جبکہ فش مارکیٹ ٹنڈوجام میں عارف بابو کے جنرل اسٹور کے شٹر کو بھی جیک لگا کر توڑ کر دکان سے نقدی پرائز بانڈ سمیت دیگر سامان چوری کر کے لے گئے۔ واضح رہے کہ اس سے پہلے ڈاکٹر علی محمد کے گھر اور فرمان راجپوت کے گھر پر ڈکیتی کی وار دات ہو چکی ہے جس میں ملوث ملزمان ابھی تک نہیں پکڑے گئے ہیں۔ الخدمت میڈیکل اسٹور کے مالک اور الخدمت فائونڈیشن ٹنڈوجام کے نائب صدر اعجاز احمد اور جنرل سیکرٹری طاہر اُسامہ کی مدعیت میں پولیس نے نامعلوم چوروں کے خلاف ایف آئی درج کرلی ہے۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ شہر میں روزانہ چوری کی وارداتیں ہو رہی ہیں لیکن انتظامیہ خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے جس کی وجہ نہ دکانیں محفوظ ہیں نہ گھر تاجر اور عوام دونوںپریشان ہیں اور ان کی راتوں کی نیند یں حرام ہوکے رہ گئیں ہیں۔ انہوں نے ایس ایس پی اور کمشنر حیدرآباد سے مطالبہ کیا کہ وہ عوام کو جان ومال کا تحفظ فراہم کریں اور ٹنڈوجام میںہونے والی وارداتوں میں ملوث ملزمان کو گرفتار کیا جائے۔