کوئٹہ ،مختلف حادثات و واقعات میں خاتون سمیت 5افراد جاں بحق

97

کو ئٹہ(نمائندہ جسارت)مختلف حادثات وواقعات میں خاتون سمیت 5افراد جاں بحق۔ اطلاعات کے مطابق ضلع بولان میں مچھ کے مقام پر تیز رفتار گاڑی ہنڈا سٹی کار کھائی میں جا گری حادثے میں ایک شخص موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا جبکہ گاڑی میں سوار دوسرا شخص شدید زخمی ہو گیا جاں بحق شخص کی لاش اور زخمی شخص کو سول اسپتال مچھ منتقل کیا گیا ۔جبکہ ٹریفک حادثے کا دوسرا واقعہ حب کے علاقے وندر کے مقام پر پیش آیا جہاںقومی شاہراہ پر ویگن گاڑی اور موٹر سائیکل میں تصادم ہوا حادثے میں تین افراد جان بحق دو زخمی ہو گئے۔ پولیس حکام کے مطابق حادثے میںجاں بحق ہونے والے افراد میں دو سگے بھائی بھی شامل ہیں لاشوں اور زخمیوں کو وندر اسپتال منتقل کیا گیا۔دوسری جانب ڈیرہ مرادجمالی میں غیرت کے نام پر ملزم نے کلہاڑیوں سے وار کرکے اپنی بیوی کو قتل جبکہ ا یک شخص زخمی کردیا ، پولیس نے ملزم کو گرفتار کر لیا ہے ۔ ڈیرہ مراد جمالی سٹی پولیس تھانہ کی حدود ڈومکی محلہ میں کارو کاری کے الزام میں ملزم احسان علی نے کلہاڑیوں کے وار کرکے اپنی بیوی مسمات حسینہ بی بی کو قتل کر دیا اور اس کے مبینہ آشنا سوجھلہ خان کو زخمی کردیا۔ پولیس کے مطابق ملزم کو گرفتار کر لیا ہے، نعش کو ضروری کارروائی کے بعد ورثا کے حوالے کر دی گئی ۔جبکہ زخمی کو اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے ۔پولیس واقعے کے بارے میں مزید تفتیش کررہی ہے۔