بھارت میں کورونا پھر بڑھنے لگا، امریکا میں ہلاکتیں 5لاکھ سے متجاوز

185

نئی دہلی (انٹرنیشنل ڈیسک) بھارت میں کورونا وائرس سے ایک بار پھر سر اٹھانا شروع کردیااور مریضوں کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہونے لگ گیا ہے۔ 24گھنٹے کے دوران پنجاب، چندی گڑھ، راجستھان، چھتیس گڑھ، مدھیہ پردیش اور گجرات سمیت 16ریاستوں میں کورونا وائرس کے 10ہزار 584کیس سامنے آئے۔ ان میں مہاراشٹرا اور کیرالہ سب سے زیادہ متاثر ہیں، جہاں مجموعی شرح 74 فیصد رہی۔ وزارتِ صحت کے مطابق کورونا کے مجموعی کیسوں کی تعداد ایک کروڑ10لاکھ 16ہزار 434 تک پہنچ گئی ہے۔ 15فروری کے بعد سے کیس زیادہ بڑھے اور مہاراشٹرا کے امراوتی، اکولہ،بلڈھانہ، یوتمال، واشم، ناگپور، پونے، تھانے اور دیگر مقامات پر جزوی پابندیوں کے تحت شام پانچ بجے سے صبح نو بجے تک تجارتی سرگرمیوں پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔ دوسری جانب امریکا میں کورونا وائرس سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد 5لاکھ سے تجاوز کر گئی۔ سینٹر فار ڈیزیز کنٹرول اینڈ پریونشن کے مطابق اب تک ساڑھے 6کروڑ افراد کو کورونا سے بچاؤ کے ٹیکے لگائے جا چکے ہیں۔ کورونا کی صورت حال پر وائٹ ہاؤس میں منعقد ایک تقریب میں صدر جو بائیڈن نے وبا پر قابو پانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ صدر بائیڈن نے کہا کہ ہم حالات کو دوبارہ ابتر نہیں ہونے دیں گے۔ انہوں نے حکم دیا کہ عالمی وبا سے مرنے والوں کے سوگ میں ملک بھر کی تمام سرکاری عمارتوں پر قومی پرچم 5 روز کے لیے سرنگوں رکھا جائے۔