حلیم عادل کی گرفتاری کیخلاف پی ٹی آئی کا احتجاج‘ بدترین ٹریفک جام

205

کراچی (اسٹاف رپورٹر)پاکستان تحریک انصاف کراچی ریجن کی تنظیم کے زیرقیادت سندھ اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حلیم عادل شیخ کی گرفتاری اور پارٹی رہنماؤں و کارکنان پر جعلی مقدمات کیخلاف کراچی پریس کلب پراحتجاجی مظاہرہ کیا گیا، اس موقع پر فردوس شمیم نقوی، خرم شیر زمان، بلال غفار، سعید آفریدی، رمضان گھانچی، جمال صدیقی، راجا اظہر سمیت دیگر اراکین قومی و صوبائی اسمبلی ،پی ٹی آئی عہدیداران سمیت کارکنان نے بڑی تعداد میں شرکت کی، احتجاج کے موقع پر کراچی پریس کلب اور اس سے متصل سڑکوں پر بدترین ٹریفک جام رہا اور شہریوں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا ۔پی ٹی آئی کے سینئر رہنما ورکن سندھ اسمبلی فردوس شمیم نقوی نے کہا کہ سندھ حکومت نے حلیم عادل شیخ پر دہشتگردی کی دفعات لگاکر ثابت کیا کہ سندھ حکومت حلیم عادل شیخ سے ڈرتی ہے ، اپوزیشن لیڈر کی گاڑی پر فائرنگ کی گئی تو ایف آئی آر بھی اپوزیشن لیڈر پر کاٹی گئی،ماضی میں ہمارے ساتھی رہنماورکن سندھ اسمبلی رمضان گھانچی پر بھی پیپلز پارٹی کے کارکن نے فائرنگ کی تھی، صوبے میں بدمعاشوں، غنڈوں ،دہشتگردوں کا راج ہے ، عزیر بلوچ کی مثال سامنے ہے جو 8 مقدمات میں بری ہوچکا ہے اور یہ وہی عزیر بلوچ ہے جس پر 400 سے زاید قتل کا الزام ہے۔ انہوں نے کہا کہ مراد علی شاہ سن لیں کہ ہم پی ایس ایل کے موقع پر امن کو خراب نہیں کرنا چاہتے ، پی ایس ایل میچز کے ختم ہوتے ہی حلیم عادل شیخ کو رہا نہ کیا گیا تو پی ٹی آئی وزیر اعلیٰ ہاؤس اور بلاول ہاؤس کا گھیراؤکرے گی۔ اس موقع پر صدر پی ٹی آئی کراچی خرم شیر زمان نے خطاب میں کہا کہ ہمارا قصور صرف اتنا ہے کہ ہم نے کہا کہ سندھ حکومت چور ہے ، اگر سندھ حکومت نے ہمارے ورکرز کو رہا نہ کیا تو مراد علی شاہ تم ہمارا لائحہ عمل برداشت نہیں کرپاؤگے، پورے ملک کی طرح پی پی کا سندھ سے بھی جلد خاتمہ ہوگا۔ پی ٹی آئی کراچی ریجن کے جنرل سیکرٹری و رکن سندھ اسمبلی سعید آفریدی نے کہا کہ پیپلرزپارٹی سن لے کہ یہ جمہوریت کا دور ہے آپ نے بھی لانگ مارچ کرنے ہیں ایسا نہ ہو کہ آپ سب بھی اڈیالہ میں ہوں بلاول اتنا ظلم کریں جتنا کل برداشت کرسکیں۔