الیکشن کمیشن قانونی طور پرنتیجہ روکنے کا مجاز نہیں‘فواد چودھری

188

اسلام آباد(اے پی پی)وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چودھری نے کہا ہے کہ قانونی طور پرالیکشن کمیشن کو نتائج مرتب کرنے کے بعد روکنے کا اختیار نہیں۔ ن لیگ نے20پولنگ اسٹیشنوں پر دوبارہ پولنگ کرانے کے مطالبے کے بعد اب اپنا موقف پورے حلقے میں دوبارہ پولنگ میں تبدیل کردیا۔ان خیالات کااظہار انہوں نے پارٹی رہنمائوں کے ساتھ الیکشن کمیشن کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ان کا کہنا تھا کہ ضمنی انتخاب میں ن لیگ نے20 پولنگ اسٹیشنوں میں پولنگ پر اعتراض اٹھایا اور دوبارہ پولنگ کا مطالبہ کیا جس پر ہم اتفاق کرتے ہیںلیکن اب انہوں نے اپنا موقف بدلا ہے اور پورے حلقے میں دوبارہ انتخاب کا مطالبہ کرتے ہوئے انتخاب کو متنازع بنا دیا ہے۔وزیر اعظم عمران خان نے20 پولنگ اسٹیشنوں پر دوبارہ پولنگ کی مسلم لیگ ن کی درخواست کی مخالفت نہ کرنے کا کہا اور علی اسجد ملہی کو بغیر کسی اعتراض کے اپنی درخواست واپس لینے کی ہدایت کی۔