سعودی عرب: پاکستانیوں کیلیے خوشخبری، پاسپورٹ فیس میں کمی

266

ریاض: (نمائندہ جسارت) سعودی عرب میں پاکستانی سفارت خانے اور قونصلیٹ نے پاسپورٹ کی فیس میں کمی کردی اور اس حوالے سے نیا شیڈول بھی جاری کردیا ہے۔ پاکستان میں وزارت داخلہ کی جانب سے پاسپورٹ فیس میں کمی کے بعد سعودی عرب میں بھی یہ نیا شیڈول سامنے آیا، 10 سال کی میعاد کے حامل 36 صفحات پر مشتمل پاسپورٹ کی فیس 126 ریال ہوگئی جبکہ 5 برس کیلیے پاسپورٹ کی سابقہ فیس برقرار رکھی گئی ہے۔ ارجنٹ پاسپورٹ کیلیے 210 ریال ادا کرنے ہوں گے۔ نئے شیڈول کے مطابق 10 برس کے لیے 72 صفحات پر مشتمل پاسپورٹ(نارمل) کی فیس کم کرکے 231 ریال مقرر کی گئی ہے، ارجنٹ کیلیے 378 ریال ادا کرنا ہوں گے۔ 100 صفحات کے پاسپورٹ(نارمل) کی فیس کم کرکے 252 ریال جبکہ ارجنٹ کی 502 ریال رکھی گئی ہے۔ پاسپورٹ سے متعلق اس شیڈول کا اطلاق 22 فروری سے ہوچکا ہے۔