جسٹس فائز کیس میں لارجر بینچ تشکیل، شوکت عزیز صدیقی کی بھی اپیل دائر

175

اسلام آباد(آن لائن)جسٹس فائز عیسیٰ و دیگر کی نظر ثانی اپیلوں پر جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں 10رکنی بینچ تشکیل دیتے ہوئے کیس یکم مارچ کو سماعت کے لیے مقرر کر دیا ہے۔عدالت عظمیٰ کی جانب سے فریقین کو نوٹس جاری کر دیے گئے ہیں۔ جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میںقائم کیے گئے نئے 10رکنی بینچ میں کیس سننے والے 10ججز جن میں شامل جسٹس فیصل عرب جو کہ اب ریٹائر ہو چکے ہیں ان کی جگہ جسٹس امین الدین خان کو شامل کیا گیا ہے۔بینچ میں 19جون کے فیصلے میں اختلاف کرنے والے تینوں جج بھی بینچ کا حصہ ہیں۔دوسری جانب اسلام آباد ہائیکورٹ کے سابق جج شوکت عزیز صدیقی نے اپنی برطرفی کے فیصلے کیخلاف نظر ثانی اپیل جلد سماعت کے لیے مقرر کرنے سے متعلق عدالت عظمیٰ میں درخواست دائر کر دی ہے۔ درخواست میںاستدعا کی گئی ہے کہ مذکورہ بالا معاملہ25 فروری 2021 ء کو سماعت کے لیے مقرر کیا جائے۔ درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ اس کیس کے ساتھ عدلیہ کی آزادی اور عوامی حقوق سمیت اہم معاملات وابستہ ہیں،گزشتہ برس 13 فروری کومعاملے کی آخری سماعت کے موقع پر کیس جلد سماعت کے لیے مقرر کرنے کا حکم دیا گیا تھا۔ واضح رہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ کے سابق جج شوکت عزیز صدیقی نے اپنی برطرفی سے متعلق سپریم جوڈیشل کونسل کے فیصلے پر عدالت عظمیٰ میں نظر ثانی اپیل دائر کر رکھی ہے۔