اراضی کیس: قائم علی شاہ کیخلاف نیب انکوائری پر سماعت آج پھر ہوگی

196

کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ ہائیکورٹ میں سابق وزیراعلیٰ سندھ قائم علی شاہ کیخلاف بروہی گوٹھ نارتھ ناظم آباد میں 43 ایکڑ زمین کی غیرقانونی الاٹمنٹ کی نیب انکوائری اور ضمانت سے متعلق دائر درخواست کی سماعت آج پھر ہوگی، قائم علی شاہ کے وکیل دلائل دیں گے۔ منگل کو جسٹس محمد اقبال کلہوڑو کی سر براہی میں 2 رکنی بینچ نے سابق وزیراعلیٰ کی جانب سے دائر درخواست کی سماعت کی۔ قائم علی شاہ کے وکیل کا کہنا تھا کہ بروہی گوٹھ اسکیم کی سمری قائم علی شاہ کے پاس آئی مگر سمری منظور نہیں کی اور جب منظور ہی نہیں کی تو پھر انکوائری کس چیز کی ہو رہی ہے؟ ہم نے نیب کو سوالوں کے جواب دیدیے ہیں پھر بھی نوٹس بھیج رہے ہیں اور ہم نیب کے ساتھ تعاون کر رہے ہیں۔ عدالت نے کہا کہ تعاون کر رہے ہیں، کوئی احسان نہیں کر رہے، جب ہم آپ کو دلائل دینے کا کہتے ہیں تو آپ مہلت مانگ لیتے ہیں۔ عدالت نے درخواست گزارکے وکیل کو آج دلائل دینے کا حکم دیتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔ علاوہ ازیں اسی عدالت نے کندھکوٹ میں غیرقانونی الاٹمنٹ میں سابق وزیر اعلیٰ قائم علی شاہ کی ضمانت میں 6 اپریل تک توسیع کردی اور آئندہ سماعت پر نیب کے تفتیشی افسر کو بھی پیش ہونے کا حکم دیا ہے۔