ٹرانسپورٹ میں غیر معیاری سلنڈرز کیخلاف کارروائی جاری رکھنے کا حکم

99

کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ ہائیکورٹ نے اسکول وین اور پبلک ٹرانسپورٹ میں غیر معیاری سی این جی و ایل پی جی سلنڈرز کے خلاف کارروائی جاری رکھنے کا حکم دے دیا۔ سندھ ہائیکورٹ نے اسکول وین اور پبلک ٹرانسپورٹ میں غیر معیاری سی این جی اور ایل پی جی سلینڈرز کی تنصیب کے کیس کی سماعت کی جس میں عدالت نے پولیس رپورٹ اور آئی جی سندھ کا کوئی نمائندہ پیش نہ ہونے پر برہمی کا اظہار کیا۔ جسٹس محمد علی مظہر نے ریمارکس دیے کہ آئی جی سندھ خود پیش ہو کر وضاحت کریں۔عدالت نے سندھ پولیس کے لیگل افسر پر بھی اظہار برہمی کیا اور کہا کہ آئندہ پیش نہیں ہوئے تو آئی جی کو بلائیں گے۔اسسٹنٹ ایڈووکیٹ جنرل نے عدالت کو بتایا کہ وہیکل قوانین میں جرمانے اور سزاؤں میں اضافہ کر دیا گیا ہے۔ اس پر عدالت نے کہا کہ یہ کیسا قانون ہے، کوئی ٹریکر نہیں لگانا چاہتا تو آپ 5 ہزار روپے جرمانہ لگائیں گے۔ عدالت کا کہنا تھا کہ لوگ کیمرے بھی خود لگائیں اور حفاظت بھی خود کریں، ایسا قانون بنائیں جو قابل عمل بھی ہو۔ عدالت نے سی این جی مالکان کو ایچ ڈی آئی پی سرٹیفائیڈ ورکشاپس قائم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے سماعت 6 اپریل تک ملتوی کر دی۔