بجلی کے گردشی قرضوں میں ماہانہ 55ارب روپے اضافہ

92

اسلام آباد ( آن لائن )بجلی کے گردشی قرضوں میں ماہانہ 55 ارب روپے کا اضافہ ہونے لگا، پاور ڈویژن نے کہا کہ دسمبر2020 تک گردشی قرضہ2303 ارب روپے تھے، لیکن جون تک 436 ارب روپے کا مزید اضافہ ہوجائے گا،بجلی کی قیمت میں اضافے سے سرکلر ڈیبٹ میں کمی ہوسکتی ہے۔ تفصیلات کے مطابق فیض اللہ کاموکا کی زیرصدارت قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کا اجلاس ہوا، اجلاس میں پاور ڈویژن نے گردشی قرضے پر بریفنگ دی ، جون 2018 میں1126 ارب روپے کا سرکلر ڈیبٹ تھا، جون 2020 میں گردشی قرضہ2150 ارب روپے تھا، دسمبر 2020 میں گردشی قرضہ 2303ارب روپے ہوچکا ہے، گردشی قرضے میں جون تک 436ارب روپے کا مزید اضافہ ہوجائے گا۔جبکہ جون 2021 تک 2805ارب روپے کی سطح پر پہنچ جائے گا۔علی پرویز ملک نے کہا کہ وزیرتوانائی نے دعوی کیاتھا کہ سرکلرڈیبٹ کا بہا ؤختم کردیا جائے گا۔پاورڈیژن نے مزید بتایا کہ سرکلر ڈیبٹ میں ہر ماہ 55ارب روپے کا اضافہ ہورہا ہے، لائن لاسز کی مد میں ساڑھے 3فیصد اضافے کا خدشہ ہے، جبکہ لائن لاسز کی مد میں 60ارب نقصان کا خدشہ ہے۔