اعجاز جاکھرانی کی ضمانت منسوخی کیخلاف دائر اپیل پر سماعت آج ہوگی

95

اسلام آباد (آن لائن )عدالت عظمیٰ میں وزیر اعلیٰ سندھ کے مشیر اعجاز جاکھرانی کی ضمانت منسوخی سے متعلق سندھ ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف دائر اپیل پر سماعت آج ہوگی۔ منگل کو جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے وزیر اعلیٰ سندھ کے مشیراعجاز جاکھرانی کی ضمانت منسوخی سے متعلق سندھ ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف دائر اپیل پر سماعت کی۔دوران سماعت درخواست گزار اعجاز جاکھرانی اپنے وکیل کے ساتھ عدالت کے رو برو پیش ہوئے ،اعجاز جاکھرانی کے وکیل نے موقف اپنایا کہ میرے مؤکل پر 2ریفرنسز دائر کیے گئے،دونوں میں میرے مؤکل ضمانت حاصل کر چکے ہیں، میرے مؤکل کے خلاف دائر ایک ریفرنس پر سماعت کل سکھر میں ہے،میرے مؤکل کو سکھر میں پیش ہونے کے لیے اجازت دی جائے ان کی جگہ سماعت پر میں پیش ہوں گا۔ جس پر جسٹس عمر عطا بندیال نے وکیل درخواست گزار کو مخاطب کرتے ہوئے ریمارکس دیے کہ آپ ایک درخواست جمع کرائیں جس میں سکھر ٹرائل کورٹ میں پیش ہونے کے محرکات ہوں،سماعت کل تک ملتوی کرتے ہیں ۔ واضح رہے کہ نیب نے اعجاز جاکھرانی کے خلاف آمدن سے زاید اثاثے بنانے کے ریفرنس دائر کررکھے ہیں۔