پشاور زلمی کے ہاتھوں ملتان سلطانزکوشکست

131

کراچی (سید وزیر علی قادری) پی ایس ایل6 کے 5ویں میچ میں پشاور زلمی نے دلچسپ مقابلے کے بعد ملتان سلطانز کو 6 وکٹوں سے شکست دے دی۔فاتح ٹیم نے 194 رنز کا ہدف19اوورز میں 4وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ پشاور زلمی کے بلے باز ٹام کیڈمورکو 32 گیندوں پر 53 رنز کی بہترین اننگز کھیلنے پر مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔ مطلوبہ ہدف کے تعاقب میں اوپنرز کامران اکمل اور امام الحق نے 57رنز کی ابتدائی شراکت قائم کی۔کامران اکمل 2 چھکوں اور 5 چوکو ں کی مدد سے 37رنز بناکر عثمان قادر کی گیند پر ایل بی ڈبلیوآؤٹ ہوگئے۔ امام الحق48رنز بنا کر کارلوس بریتھ ویٹ کے ہاتھوں رن آؤٹ ہوگئے۔ٹام کیڈمور اور امام الحق نے 77رنز کی شراکت قائم کی۔153رنز پر شیر فین رودر فورڈ ملتان سلطانز کے نوجوان بولر شاہنواز دھانی کا شکار بنے، شاہنواز دھانی نے اپنے اگلے ہی اوور میں ٹام کیڈمور کو 53 رنز کے انفرادی اسکور پر آؤٹ کردیا۔ اس موقع پر نوجوان حیدر علی نے کریز سنبھالی اور8 گیندوں پر2 چھکوں اور 2 چوکوں کی مدد سے برق رفتار24 رنز بنا کر پشاور زلمی کو فتح دلادی۔ ملتان سلطانز کے شاہنواز دھانی نے 2جبکہ عثمان قاد رنے ایک وکٹ حاصل کی۔ اس سے قبل پشاور زلمی نے ٹاس جیت کر ملتان سلطانز کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تو کرس لین ایک مرتبہ پھر ملتان سلطانز کو بڑا آغاز فراہم کرنے میں ناکام رہے انہیں محمد عرفان نے آؤٹ کیا، انگلش کرکٹر جیمز ونس نے کریز سنبھالی اور ملتان سلطانز کے کپتان محمد رضوان کے ساتھ مل کر تیزی سے رنز بنانے کا سلسلہ شروع کیا۔محمد رضوان 2چھکوں اور 3 چوکوں کی مدد سے 41 رنز بنا کر ایمرجنگ پلئیر محمد عمران کی گیند پر آؤٹ ہوگئے۔یمز ونس نے 3 چھکوں اور 9 چوکوں کی بدولت 55 گیندوں پر 84 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔صہیب مقصود کے 21 گیندوں پر 36 رنز نے بھی سلطانز کے اسکور میں قابل قدر اضافہ کیا۔