زیادتی کے مقدمات میں پرائیویسی کی رپورٹ طلب

72

کراچی(اسٹاف رپورٹر)سندھ ہائی کورٹ میں زیادتی کے مقدمات میں اصلاحات سے متعلق دائر درخواست پر ماتحت عدالتوں سے زیادتی کے مقدمات کے دوران پرائیویسی کے حوالے سے رپورٹ طلب کرتے ہوئے سماعت 19مارچ تک ملتوی کردی ۔ عدالت کا کہنا تھاکہ آئندہ سماعت پر بتایا جائے کہ زیادتی کے مقدمات میں متاثرہ کا بیان ریکارڈ کرنے سے متعلق احکامات پر عمل درآمد ہورہا ہے یا نہیں۔ منگل کو جسٹس محمد علی مظہر کی سر براہی میں 2رکنی بینچ نے زیادتی کے مقدمات میں اصلاحات سے متعلق کائنات سومرو ودیگر کی جانب سے دائر درخواست کی سماعت کی۔ فاضل عدالت نے ریپ متاثرہ کا بیان عدالتی اوقات کے بعد ریکارڈ کرنے کا بھی حکم دیا ہے ۔سماعت کے موقع پر اسسٹنٹ ایڈووکیٹ جنرل سندھ شہریار مہر نے عدالت کو آگاہ کیا کہ صوبائی حکومت نے درخواست گزار کی جانب سے دی جانے والی تجاویز منظور کرلیں اور تجاویز کو ایس او پیز کی صورت میں شامل کرلیا گیا ہے ،پولیس ریپ کیسز کے شواہد اور تحقیقات نئی ایس او پیز کے تحت اکٹھے کرے گی،منظور شدہ ایس او پیز کی کاپی درخواست گزار کے وکیل کو فراہم کردی ہے۔ بعد ازاں عدالت نے ماتحت عدالتوں سے زیادتی کے مقدمات کے دوران پرائیویسی کے حوالے سے رپورٹ طلب کرتے ہوئے سماعت 19مارچ تک ملتوی کردی۔