خصوصی عدالت‘کالعد م تنظیم کے کارکنان عدم ثبوت پر بری

141

کراچی(اسٹاف رپورٹر)انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے کالعدم مذہبی تنظیم کے کارکنان اسحاق بوبی اور عاصم کیپری کو مجلس حملہ کیس میں بری کردیا۔گزشتہ روزانسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے مجلس حملہ کیس میں کالعدم مذہبی تنظیم کے کارکنان اسحاق بوبی اور عاصم کیپری کے خلاف محفوظ کیا جانے والا فیصلہ سنادیا ۔اس موقع پر ملزمان عاصم کیپری اور اسحاق بوبی کو پیش کیا گیا۔عدالت کا اپنے فیصلے میں کہنا تھا کہ استغاثہ ملزمان کے خلاف ثبوت پیش کرنے میں ناکام رہا، ملزمان اگر کسی اور کیس میں ملوث نہ ہوں تو فوری طور پر رہا کردیا جائے جبکہ مقدمے کے مدعی فیصلے کے خلاف ہائیکورٹ میں 3 دن کے اندر اپیل کرسکتے ہیں۔استغاثہ کے مطابق ملزمان نے 2016ء میں ناظم آباد کے علاقے میں مجلس پر اندھا دھند فائرنگ کی تھی جس کے نتیجے میں4 افراد جاں بحق ہوگئے تھے۔ملزمان کے خلاف ناظم آباد میں مقدمہ درج کیا گیا تھا ۔