سینٹرل پنجاب نے انڈر 16 قومی ون ڈے ٹورنامنٹ جیت لیا

337

راولپنڈی(جسارت نیوز)پی سی بی انڈر 16 نیشنل ون ڈے ٹورنامنٹ کے فائنل میںسینٹرل پنجاب نے ناردرن کو 5 وکٹوں سے ہرا کر ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔ فاتح ٹیم نے 184 رنز کا مطلوبہ ہدف 41 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرکے چمچماتی ٹرافی اپنے نام کی۔ عبید شاہد 5 چوکوں کی مدد سے 51 رنز بناکر ٹاپ اسکورر رہے۔ اوپنر موسیٰ عظیم 34 اور راجہ بلاج 33 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ ناردرن کے سعد مسعود نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔اس سے قبل سینٹرل پنجاب کی ٹیم ناردرن کی دعوت پر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 45 اوورز میں 183 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔ اوپنر شمائل حسین 35 اورآلراؤنڈر عامر حسن 30 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔شیراز خان نے 29 اور محمد رفیق نے 23 رنز بنائے۔ سینٹرل پنجاب کے ابتسام الرحمٰن اور اویس علی نے بالترتیب 34 اور 37 رنز کے عوض 3،3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ محمد شوبان نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔میچ میں عمدہ بولنگ کرنے پر فاسٹ بولر ابتسام الرحمٰن کو پلیئر آف دی فائنل قرار دیا گیا۔ادھر عرفات احمد کوایونٹ کے 5 میچوں میں 312 رنز اور 9 وکٹیں حاصل کرنے پر ٹورنامنٹ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔سینٹرل پنجاب کے عبید شاہد 6 میچوں میں 116 کی اوسط سے 348 رنز بناکر ایونٹ کے بہترین بلے باز رہے۔ انہوں نے ایونٹ میں 2 سنچریاں اور 2 نصف سنچریاں بنائیں۔سینٹرل پنجاب کے ابتسام الرحمٰن 6 میچوں میں 15 وکٹیں حاصل کرکے سب سے بہترین بولر قرار پائے۔ وکٹوں کے پیچھے 8،8 شکار کرنے پر سینٹرل پنجاب کے التمش عباس اور سدرن پنجاب کے عدنان شاہد کو مشترکہ طور پر بہترین وکٹ کیپر کا ایوارڈ دیا گیا۔خیبرپختونخوا کے احمد حسین کو ٹورنامنٹ میں 7 کیچز تھامنے پر بہترین فیلڈر قرار دیا گیا۔