گورنر گولڈ کپ،ملک اسپورٹس کو شکست کا سامنا

448

پشاور(جسارت نیوز)30 ویں گورنر گولڈ کپ کرکٹ ٹورنامنٹ کے مزید دو میچوں کا فیصلہ ہو گیا ہے آئی سی ایم کرکٹ کلب کی غیر متوقع شکست کے بعد اپ سیٹ نتائج کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ہینکرز کرکٹ کلب نے اباسین کرکٹ کلب کو شکست دے کر ٹورنامنٹ سے باہر کر د یاجبکہ جان برادرز نے ٹورنامنٹ کے بڑے اپ سیٹ میں ملک اسپورٹس کرکٹ کلب کی ٹیم کو ہرا دیا۔جان برادرز کرکٹ کلب کے خلاف ملک سپورٹس نے پہلے بیٹنگ کی اور مقررہ اوورز میں چھ وکٹوں کے نقصان پر 176 رنز بنائے۔عارف شاہ نے شاندار 71 رنز بنائے اور آؤٹ نہیں ہوئے۔ان کے علاوہ زاہ زیب نے27 اور بدرالدین نے 20رنز سکور کئے۔جان برادرز کی جانب سے وقار وزیر نے 23رنز کے عوض2 ، زاکر صافی نے24 رنز دے کر2 جبکہ منیر اور زبیر نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔جواب میں جان برادرز نے مطلوبہ ہدف چھ وکٹوں کے نقصان پر پورا کر کے میچ چار وکٹوں سے جیت لیا۔ ان کی جانب سے نبی گل نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 65جبکہ نثار آفریدی نے51 رنز اسکور کیے،وقار وزیر نے27 رنز بنائے۔ملک اسپورٹس کی جانب سے فواد خان نے3 جبکہ ساجد خان نے2 وکٹیں حاصل کیں۔