_ کی چوتھی سہ ماہی میں صارفین کے اعتماد میں اضافہ ہوا،رپورٹ2020

441

کراچی(اسٹاف رپورٹر)ڈن اینڈ بریڈ اسٹریٹ پاکستان اور گیلپ پاکستان نے مشترکہ طور پر 2020 کی چوتھی سہ ماہی کے لیے پاکستان کے صارفین کے اعتمادکے اعشاریوں پر مبنی کنزیومر کانفیڈینس انڈیکس(CCI) اپنی ابتدائی رپورٹ جاری کردی ہے۔رپورٹ کے مطابق سال 2020 کی تیسری سہ ماہی کے 88.7 پوائنٹس کے مقابلے میں چوتھی سہ ماہی میں صارفین کا اعتماد 1.8 فیصد اضافے کے ساتھ 90.3 فیصد رہا۔ مجموعی اعتماد میں اضافے کی بنیادی وجہ پاکستانی عوام کی جانب سے موجوہ حالات میں بہتری کی توقعات ہیں جوکہ پچھلے 6 ماہ میں کورونا کی وجہ سے خراب رہی تھی۔ سی سی آئی رپورٹ مجموعی معاشی صورتِ حال پر صارفین کے اعتماد اوران کے ذاتی مالی حالات کو مدِ نظر رکھ کر تیار کی گئی ہے۔ سی سی آئی انڈیکس میں گھریلو مالی صورتِ حال، ملکی معاشی حالات، بے روزگاری اور گھریلو بچت جیسے چار کلیدی پیرامیٹرز کا احاطہ کیا گیا ہے۔انڈیکس میں گذشتہ 6 ماہ میں ہونے والی معاشی تبدیلیوں اور آئندہ 6ماہ میں ہونے والی متوقع معاشی تبدیلیوں کے بارے میں ملک بھر کے صارفین کی رائے کی عکاسی کی گئی ہے۔سروے میں صارفین کے اعتماد کے اعشاریوں کی رینج صفر سے 200 پوائنٹس تک مقرر کی گئی تھی جبکہ 100پوائنٹس کو غیر جانبدارقرار دیا گیا تھا۔ سروے میں 100پوائنٹس سے کم اسکور مایوسی کی نشاندہی کرتا ہے۔اس موقع پر ڈن اینڈ بریڈ اسٹریٹ کے کنٹری منیجر نعمان لاکھانی نے کہا کہ سال 2020کے اختتام پر کنزیومیر کانفیڈنس انڈیکس کے چوتھے شمارے کا اجراء کردیا گیا ہے۔ رپورٹ میں تیسری اور چوتھی سہ ماہی میں صارفین کے اعتماد میں ہونے والی تبدیلیوں کا موازنہ کیا گیا ہے۔ گزشتہ سہ ماہی کے مقابلے میں چوتھی سہ ماہی میں صارفین کے اعتماد میں تقریباً15فیصداضافہ خوش آئند ہے۔ پاکستان میں بحالی کے آثار دکھائی دے رہے ہیں لیکن پھر بھی صارفین محتاط طور پر پر امید ہیں کیونکہ تیسری سہ ماہی کے مقابلے میں مستقبل کی توقعات میں 6.0فیصد کمی واقع ہوئی ہے۔