طاہرسلطان پرفیوم والابزم شعروسخن کے صدرمنتخب

146

کراچی (اسٹاف رپورٹر)ممتاز تاجر طاہر سلطان پرفیوم والا بزم شعر و سخن کے صدر و عبید ہاشمی معتمد عمومی منتخب کرلیے گئے ، بزم شعر و سخن کے پانچویں سالانہ انتخابات رباط العلوم لائبیریری میں منعقد ہوئے، انتخابات کے لیے تین رکنی الیکشن کمیشن بلال منظر سیکرٹری کے ایم سی ویلفیئر آفیسر ایسوسی ایشن، ثاقب صغیر قائم مقام سیکرٹری پریس کلب اور بابر خان سابق صدر فیڈرل بی ایریا ایسوسی ایشن پر مشتمل تھا ۔بزم کی الیکٹوریل باڈی32 ارکان پر مشتمل ہے ۔الیکشن کمیشن کے اعلان کے مطابق ممتاز تاجر طاہر سلطان پرفیوم والا سال 2021کے لیے بزم شعر و سخن کے صدر و عبید ہاشمی معتمد عمومی منتخب کرلیے گئے جبکہ مجلس منتظمہ کے لیے عدیل سلیم جملانہ، خالد میر، اقبال آسی، امجد محمود اورو حمود الرحمن کا انتخاب کیا گیا۔ بعد ازاں حاضرین سے ممتاز شاعر تاجدار عادل حنیف عابد و پروفیسر شاہد ہاشمی نے خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ بزم کی انفرادیت ہے کہ یہ صرف ادیبوں و شاعروں کی تنظیم نہیں بلکہ ادب و اردو سے محبت کرنے والے طالب علموں کی بھی تنظیم ہے۔جو ہمارے نوجوانوں کو ادب اردو و کتاب سے جوڑنے کے اہم کام کو سر انجام دے رہی ہے، تقریب سے خطاب کرتے ہوئے طاہر سلطان پرفیوم والا نے کہا کہ معاشرے میں ادب کے فروغ کے ذریعہ اپنی ثقافت زبان و ورثہ کی حفاظت و فروغ کامشن جاری رکھیںگے۔