فائرنگ و دیگر حادثات و واقعات میں 5افراد جاں بحق

82

کراچی (اسٹاف رپورٹر) شہر میں فائرنگ اور دوسرے حادثات وواقعات میں5 افراد جاں بحق اور6 زخمی ہوگئے ،جاں بحق اور زخمی ہونے والوں میں 3خواتین بھی شامل ہیں ۔تفصیلات کے مطابق گلشن اقبال میں واٹر ٹینکر نے موٹر سائیکل اور گاڑی کو ٹکرماردی جس کے نتیجے میں 2افراد جاںبحق ہوگئے، پولیس کے مطابق رب میڈیکل سگنل کے قریب پل سے اترتے ہوئے واٹر ٹینکر کا بریک فیل ہوگیا اور وہ آگے چلتا ہواموٹر سائیکل پر چڑھ گیا، جس کے نتیجے میں موٹر سائیکل پر سوار 2افراد جاں بحق ہوگئے۔جس میں سے ایک شخص کی شناخت عامر کے نام سے کرلی گئی۔پولیس کے مطابق واٹر ٹینکر کا ڈرائیور اکرم فرار ہوگیا جبکہ کلینر ارشد کو گرفتار کر کے ٹینکر کو تحویل میں لے لیا گیا ۔ کھاردار سے خاتون کی لاش برآمد ہوئی۔پیر آباد تھانے کی حدود میںنیومیانوالی میںفائرنگ کے واقعہ میں 25 سالہ اقبال سعید ولد سعید بہادر زخمی ہوگیا، اعظم بستی میں 50سالہ موٹر سائیکل سوار ارتضیٰ سے ایک دوسری موٹرسائیکل سوار مسلح ملزمان نے اسلحے کے زور پر لوٹ مار کی کوشش اورمزاحمت کرنے پر اسے گولی مار کے زخمی کردیا۔کورنگی صنعتی ایریا کے علاقے کورنگی گودام چورنگی کے قریب مسلح ملزمان نے کی لوٹ مار کے دوران مزاحمت کرنے پر 22سالہ ناصر ولد ریاض کو فائرنگ کر کے زخمی کردیا،بلدیہ سیکٹسے 35سالہ شخص کی لاش برآمد ہوئی ، خواجہ اجمیر نگری تھانے کی حدود میں واقع رشید آباد سے بھی ایک 45سالہ نامعلوم شخص کی لاش برآمد ہوئی۔اتحاد ٹائون تھانے کی حدود میں واقع نیشنل چوک کے قریب نامعلوم افراد کی فائرنگ سے 25سالہ ثمینہ زوجہ مجید زخمی ہوگئی جس کوفوری طور پراسپتال منتقل کردیاگیا ۔میمن گوٹھ تھانے کی حدود ملیر مگسی گوٹھ میں نامعلوم سمت سے آنے والی گولی لگنے سے 17 سالہ صبا دختر مراد زخمی ہوگئی ۔