سینیٹ الیکشن، فیصل واوڈا اہل ، پرویز رشید کی درخواست مسترد

360

کراچی/ لاہور (اسٹاف رپورٹر+ نمائندہ جسارت)الیکشن ٹریبونل نے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما، و وفاقی وزیر آبی وسائل فیصل واوڈا کے کاغذات نامزدگی منظور کرلیے جبکہ مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما پرویز رشید کو سینیٹ انتخابات کے لیے نااہل قرار دیدیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق منگل کو سماعت کے موقع پر الیکشن ٹریبونل نے قادر مندوخیل ایڈووکیٹ کی فیصل واوڈا کے خلاف امریکی شہریت چھپانے سے متعلق اپیل مسترد کرتے ہوئے قرار دیا کہ اپیل کنندہ چاہے تو آئینی دراخوست دائر کر سکتا ہے اور کاغذات نامزدگی سے متعلق ہمارے اختیارات محدود ہیں۔ دوسری جانب الیکشن ٹریبونل کے حکم نامہ کے اہم نکات سامنے آگئے۔ الیکشن ٹریبونل کا اپنے فیصلے میں کہنا تھا کہ امیدوار کے صادق یا امین ہونے کا فیصلہ ریٹرننگ افسر کے دائرہ کار میں نہیں آتا‘ آرٹیکل 62 اور 63 کے تحت نااہلی کا فیصلہ آئینی عدالت کرسکتی ہے جبکہ درخواست گزار کے اعتراضات مسترد کرنے کا ریٹرننگ افسر کا فیصلہ درست ہے۔ علاوہ ازیںالیکشن ٹربیونل نے ریٹرننگ آفیسر کی جانب سے کاغذات نامزدگی مستر د کیے جانے کے خلاف تحریک لبیک کے سینیٹ امیدوار یشاء اللہ خان کی اپیل منظور کرتے ہوئے سینیٹ انتخابات کے اہل قرار دیدیا۔ مزید برآں لاہور ہائیکورٹ کے معزز جج پر مشتمل الیکشن ٹربیونل نے مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما پرویز رشید کو سینیٹ انتخابات کے لیے نااہل قرار دیدیا۔ جسٹس شاہد وحید نے ریمارکس دیے کہ پرویز رشید نے اپیل میں کہیں نہیں کہا کہ وہ پنجاب ہائوس میں نہیں رہے۔ پرویز رشید نے کہا ہے کہ وہ سینیٹ الیکشن کے حوالے سے لاہور ہائیکورٹ کے الیکشن ٹربیونل سے ان کی اپیل خارج ہونے کے بعد الیکشن ٹربیونل کا فیصلہ دیکھ کر فیصلے کے خلاف رٹ دائر کرنے کا حتمی فیصلے کریں گے۔ ذرائع بتایا کہ سینیٹ الیکشن میں پرویز رشید کے متبادل بطور امیدوار عرفان صدیقی اور مشاہد اللہ کے صاحبزادے اس وقت دوڑ میں ہیں۔ جن میں سے کسی ایک کے نام کو فائنل کیے جانے کا امکان ہے۔