لوگ مررہے ہیں‘کیافائدہ پی ایس ایل کا؟عدالت سڑکوں کی بندش پربرہم

472

کراچی(اسٹاف رپورٹر)سندھ ہائی کورٹ نے عدالتی احکامات کی عدم تعمیل اور پی ایس ایل 6 کے دوران سٹرکیں بندکرنے کے خلاف توہین عدالت کی درخواست پرعدالت نے ایس پی ٹریفک شرقی کو ذاتی حیثیت میں طلب کرتے ہوئے سماعت26فروری تک ملتوی کردی ۔فاضل عدالت نے سڑکوں کی بندش کے حوالے سے نئی رپورٹ بھی طلب کرلی ۔منگل کو جسٹس محمد علی مظہر کی سر براہی میں 2رکنی بینچ نے عدالتی احکامات کی عدم تعمیل اور پی ایس ایل 6 کے دوران سٹرکوں کی بندش کے خلاف پاسبا ن ڈیموکریٹک پارٹی کی جانب سے توہین عدالت کی درخواست کی سماعت کی ۔فاضل عدالت نے حکم دیا کہ جہاں جہاں سڑک بلاک ہو مناسب سیکورٹی کو یقینی بنایا جائے ۔ سماعت کے موقع پر درخواست گزار کے وکیل عرفان عزیز نے عدالت کو آگاہ کیا کہ گزشتہ روز نوجوان اسامہ سعید کو چھینا چھپٹی میں گولیاں مار دی گئیں اسے آغا خان اسپتال لے جارہے تھے مگر راستہ نہیں دیا گیاجس کی وجہ سے اس کی موت ہوگئی ،آغا خان اسپتال کی سڑک اب بھی بند ہے،پی ایس ایل کو کور کررہے ہیں ، پورے کراچی کو لاوارث چھوڑ دیا گیا۔ سماعت کے دوران جسٹس محمد علی مظہر نے سڑکوں کی بندش کے سبب ٹریفک جام پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے اپنے ریمارکس میں کہا کہ آپ لوگ اپنی بات سے منحرف کیوں ہوجاتے ہیں؟ اگر لوگ مررہے ہیں تو کیا فائدہ پی ایس ایل کا؟ایسے پی ایس ایل کا کیا فائدہ کہ لوگ اذیت میں رہیں؟۔ ٹریفک پولیس کا کیا کام ہے؟ ٹریفک پولیس یقینی بنائے کہ کہیں ٹریفک جام نہ ہو ،اگر جام بھی ہو تو ڈکیتی کی وارداتوں کو روکا جائے۔ اس موقع پر لیگل آفیسر سندھ پولیس نے عدالت کو بتایا کہ جہاں واقعہ ہوا وہاں پرٹریفک پولیس موجود تھی، بعد ازاں عدالت نے ا یس پی ٹریفک شرقی کو ذاتی حیثیت میں طلب کرتے ہوئے سماعت 26فروری تک ملتوی کردی۔