اپوزیشن کی اسپیکر سے ملاقات،حلیم عادل کے پروڈکشن آرڈر کی درخواست

156

کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ اسمبلی کی اپوزیشن جماعتوں نے اسپیکر سندھ اسمبلی سے ملاقات کرکے اپوزیشن لیڈر حلیم عادل شیخ کے پروڈکشن آرڈر کے لیے درخواست اور اپوزیشن کے خلاف ہونیوالی مبینہ انتقامی کارروائیوں کے خلاف قرارداد سندھ اسمبلی میں جمع کرادی ہے۔منگل کو سندھ اسمبلی میں ایم کیو ایم پاکستان، تحریک انصاف اورگرینڈ ڈیموکریٹک الائنس کے پارلیمانی لیڈرز سمیت دیگر نے اسپیکر آغا سراج درانی سے ملاقات کی ، رہنماؤں نے اپوزیشن لیڈر حلیم عادل شیخ کے لیے پروڈکشن آرڈر کی درخواست دی، اپوزیشن رہنماؤں نے پولیس کی جانب سے مبینہ انتقامی کارروائیوں کے خلاف قرار داد بھی سندھ اسمبلی سیکرٹریٹ میں جمع کرائی، اپوزیشن رہنماؤں نے مطالبہ کیا کہ اسمبلی کا فوری اجلاس بلایا جائے۔ میڈیا سے گفتگو میں اپوزیشن رہنماؤں بلال غفار ،کنور نوید جمیل اور حسنین مرزا کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی جمہوریت کا دعویٰ کرتی ہے تو حلیم عادل کے ساتھ زیادتیوں کا جواب دے۔سندھ حکومت نے اپوزیشن کو دبانے کے لیے تمام حدود پار کردی ہیں اب مظالم کی انتہا ہوگئی ہے ،اب اس معاملے پرایوان میں ہی بات ہوگی ۔رہنماؤں نے الزام عاید کیا کہ سندھ حکومت گندم سمیت دیگر معاملات کی کرپشن سامنے لانے پر انتقام لے رہی ہے۔