مسئلہ کشمیر کا رائے شماری کے سوا کوئی حل نہیں،سید صلاح الدین

406

مظفر آباد(صباح نیوز)نریندر مودی کا مجوزہ دورہ کشمیر ریاستی عوام کے زخموں پر نمک پاشی،دنیا کو کشمیر میں خود ساختہ امن کا تاثر دینے کی ایک ناکام کوشش ہے۔ان خیالات کا اظہار حزب سربراہ اور متحدہ جہاد کونسل کے چیئر مین سید صلاح الدین نے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ جدید اسلحہ سے لیس نو لاکھ سے زائد بھارتی فوجیوں نے پوری ریاست کو ایک مکمل جیل خانے میں تبدیل کیا ہے اور اب دنیا کی آنکھوں میں دھول جھو نکنے کی ناکام کوششیں کرتے ہوئے یہ تاثر دیا جارہا ہے کہ وہاں امن ہے اور مودی کے اقدامات کو پسندیدگی کی نگاہ سے دیکھا جارہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اگرچہ عالمی برادری کی مجرمانہ خاموشی اور حکومت پاکستان کی کمزور سفارتی کوششوں کا ناجائز فائدہ اٹھاتے ہوئے،مودی سرکار نے وقتی طور پر ریاست کی جغرافیائی اور تاریخی حیثیت کو تبدیل کرنے کی کوشش کی ہے لیکن ان اقدامات کو کشمیر ی عوام نے من الحیث القوم مسترد کردیا ہے اور واضح کیا ہے کہ مسئلہ کشمیر کا رائے شماری کے سوا کوئی حل نہیں،موجودہ خونی لکیر کو کسی بھی صورت مستقل سرحد بنانے کی اجازت نہیں۔