ڈسکہ الیکشن چوری کرنے میں حکومت خود ملوث ہے، شاہد خاقان

227

اسلام آباد (آن لائن) سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ(ن) کے رہنما شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ حکومت خود الیکشن چوری کرنے میں ملوث ہے، حکمرانوں سے پارلیمنٹ ارکان سمیت ہر کوئی تنگ ہے، آج پارلیمان مفلوج ہوچکا ہے۔ اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ این اے 75 ڈسکہ میں پولیس نے ووٹروں کو ہراساں کیا، الیکشن عملہ غائب ہوا اور پولنگ پر اثرانداز ہونے کی کوشش بھی کی گئی۔ لیگی رہنما نے کہا کہ وزیراعظم کہہ رہے ہیں حلقے میں ری پولنگ ہو، حکومت خود الیکشن چوری کرنے میں ملوث ہے، ری پولنگ کی بات نہیں حکومت دھونس جما رہی ہے۔ این اے 75 ڈسکہ کے ضمنی الیکشن میں ڈاکا ڈالا گیا، الیکشن کمیشن خود کہہ رہا ہے حلقے میں دھاندلی ہوئی، حکومتی سازش بے نقاب ہوئی، اب یہ لوگ منہ چھپاتے پھر رہے ہیں، الیکشن کمیشن میں سماعت کیمروں کے سامنے ہونی چاہیے۔