کم عمری میں امراضِ قلب کاسبب کیا ہے؟ تحقیق سامنے آگئی

472

ایک نئی تحقیق کی روشنی میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ نشہ آور ادویات اور تمباکونوشی کم عمری میں ہی امراض قلب کے لاحق ہوجانے کا بنیادی سبب ہیں۔

ان دنوں دنیا میں بڑی تعداد میں جوان افراد دل کی مختلف بیماریوں کا شکار ہورہے ہیں 40سال سے کم عمر میں ہی انجائینا اور اسٹروک جیسے امراض میں مبتلا ہوکر ان کی صحت کو شدید خطرات لاحق ہوجاتے ہیں۔خواتین میں بھی یہ امراض تیزی کے ساتھ پھیل رہے ہیں۔ جن کا بنیادی سبب تمباکونوشی اور نشہ آور ادویات کا استعمال ہے۔

تمباکونوشی سے 63 فیصد،شراب نوشی 23 فیصد،کوکین سے 13 فیصد  اور باقی نشہ آور چیزوں کے استعمال سے 5 فیصد لوگ مختلف قسم کے امراض قلب کا شکار ہوجاتے ہیں۔ ذیا بطیس، ہائی بلڈ پریشر اور ہائئ کولیسٹرول کو کنٹرول کرنے کے بعد بھی اگر کبھی کبھار سگریٹ نوشی کی جائے تو یہ کم عمری میں ہی امراض قلب میں مبتلا ہونے کے دو گنا اضافہ کرتی ہے اور اگر اس کو معمول کا حصہ بنالیا جائے تو یہ امکان 50 فیصد سے زائد بڑھ جاتا ہے۔

ماہرین  کی جانب سے اس بات پر بھی زور دیا گیا ہے کہ بین الاقوامی سطح پر تمباکونوشی اور نشہ آور چیزوں کے استعمال کو روکنے کے لیے ایک متحرک آگاہی مہم چلائی جائے۔ تعلیمی اداروں اور کاروباری مراکز میں اس حوالے سیمینار کا انعقاد کیا جائے،ذرائع ابلاغ کا استعمال کرتے ہوئے ایسے پروگرامات نشر کیے جائیں جن کے نتیجے میں تمباکونوشی کے زندگی پر مضر اثرات کے حوالے سے لوگوں میں شعور بیدار ہو اور انسانیت ان مہلک امراض سے ہمیشہ کے لیے محفوظ رہ سکے۔