پی ایس ایل 6: پشاور زلمی نے ملتان سلطانز کو شکست دیدی

308

کراچی: پاکستان سپر لیگ سیزن 6 کے پانچویں میچ میں پشاور زلمی نے ملتان سلطانز کو 6 وکٹوں سے شکست دیدی۔

نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے گئے میچ میں پشاور زلمی نے 194 رنز کا ہدف 19  اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا، پشاور زلمی کی جانب سے ہدف کے تعاقب میں اننگز کا آغاز امام الحق اور کامران اکمل نے کیا، دونوں اوپنرز نے 57 رنز کی شراکت قائم کی، اس موقع پر کامران اکمل 37 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔ اوپنر امام الحق اور اس کے بعد آنے والے ٹام کیڈمور نے جارحانہ انداز اپناتے ہوئے 76 رنز کی شراکت قائم کی۔ امام الحق 48 رنز بناکر رن آؤٹ ہوگئے جب کہ ٹام کیڈمور نے نصف سنچری مکمل کی اور 53 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔

ٹام کیڈمور کے آؤٹ ہونے کے بعد حیدر علی نے برق رفتار 8 گیندوں پر 25 رنز بنائے جس کی بدولت پشاور کی ٹیم نے 19 ویں اوور میں ہدف حاصل کرلیا۔

اس سے قبل پشاور زلمی نے ملتان سلطانز کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا، ملتان کی جانب سے اننگز کا آغاز کرس لن اور محمد رضوان نے کیا تاہم کرس لن صرف ایک رن بناکر آؤٹ ہوگئے جس کے بعد ون ڈاؤن آنے والے جیمس وینس اور اوپنر محمد رضوان نے جارحانہ کھیل پیش کیا اور اسکور آگے بڑھایا۔

دونوں کھلاڑیوں کے درمیان 82 رنز کی شراکت قائم ہوئی جس کے بعد محمد رضوان 41 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے تاہم جیمس وینس نے صہیب مقصود کے ساتھ بھی جارحانہ 71 رنز کی شراکت قائم کی، صہیب مقصود 36 رنز بناکر آؤٹ ہوئے، جیمس وینس نے 84 رنز کی اننگز کھیلی۔

ملتان کی ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 193 رنز بنائے، کپتان محمد رضوان 41، جیمز ونس 84 اور صہیب مقصود 36 رنز بناکر نمایاں رہے۔

پشاور زلمی کی جانب سے ثاقب محمود نے 2 اور محمد عرفان اور محمد عمران نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔