کراچی: ایم کیو ایم لندن کا دہشتگرد گرفتار

121

کراچی: کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) نے کارروائی کرتے ہوئے کراچی کے علاقے گلستان جوہر سے ایم کیو ایم لندن کے دہشت گرد کو گرفتار کرلیا ہے جبکہ گرفتار ملزم کے قبضے سے دستی بم برآمد کیے گیے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق سی ٹی ڈی نے گلستان جوہر کراچی میں متحدہ قومی موومنٹ لندن کے ایک دہشتگرد کو گرفتارکیا ہے  جبکہ ایس ایس پی عارف عزیز کا کہنا ہے  کہ دہشت گرد واحد حسین عرف گڈو عرف سوداگر کو گرفتار کر لیا گیا ہے اور  دہشت گرد واحد حسین کے قبضے سے دستی بم برآمد کیے گیے ہیں۔

دوسری جانب ڈی آئی جی سی ٹی ڈی عمر شاہد نے دہشت گرد واحد حسین سے متعلق جے آئی ٹی تشکیل دینے کے لیے آئی جی سندھ کو خط بھی لکھ دیا ہے۔

ایس ایس پی عارف عزیز کے مطابق گرفتار دہشت گرد ایم کیو ایم لندن کے سلیم عرف سلیم بلوچ عرف سلیم بیلجئیم کا ساتھی ہے اور سلیم بیلجیئم کے کہنے پر پارٹی کے دہشت گردوں کو اسلحہ فراہم کرتا تھا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ  گرفتار ملزم واحد، سلیم بیلجئیم کے ساتھ دہشتگردی  اور تخریب کاریوں میں بھی ملوث رہا ہے  اور حوالہ ہنڈی سے رقوم کی ترسیل کا دھندہ بھی کرتا رہا ہے۔

ایس ایس پی کے مطابق ملزم نے انکشاف کیا ہے کہ وہ پارٹی کے لیے جلاؤ گھیراؤ ، بد نظمی اور دیگر کارروائیوں میں ملوث رہا ہے۔