عمان: 15 روز کیلیے 10 ممالک کی پروازیں معطل

293

مسقط: عمان نے کورونا وائرس کی صوتحال کے پیش نظر پروازیں 15 روز کے لیے معطل کرتے ہوئے 10 ممالک پر سفری پابندی عائد کر دی ہے۔

بین الاقوامی میڈیا رپورٹس  کے مطابق کورونا وائرس کی عالمی وبا کی روک تھام کے لیے عمان حکومت نے بین الاقوامی پروازوں پر15 روز کیلیے پابندی عائد کردی ہے  اور اس  دو ہفتے کی سفری پابندی کا اطلاق جمعرات سے ہوگا۔

عمان حکومت کے مطابق کورونا وائرس کے حوالے سے قائم ملک کی اعلیٰ کمیٹی نے سوڈان، لبنان، جنوبی افریقہ، برازیل، نائیجیریا، تنزانیہ، گھانا، گنی، سیرالیون اور ایتھوپیا کے مسافروں پر پابندی عائد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

عمان حکومت کے مطابق  عمانی شہری، سفارت کار اور طبی شعبے سے وابستہ افراد کو ان پابندیوں سے استثنیٰ دیا گیا ہے تاہم انہیں کورونا وائرس کی روک تھام کے لیے نافذ ضوابط کی پابندی کرنا ہوگی جبکہ عمان کی حکومت نے اپنے شہریوں اور مقیم رہائشیوں پر زور دیا ہے کہ وہ بیرون ملک سفر سے گریز کریں اور صرف ناگزیر صورت حال میں ہی سفر کریں۔

رپورٹس کے مطابق اعلیٰ کمیٹی نے کورونا وائرس کی نئی شکل کے حوالے سے لاحق خطرات پر بھی غور کیا ہے کہ سلطنت میں اس کا پھیلاؤ ہوسکتا ہے اور اس سے صحت کے اداروں پر دباؤ بڑھ سکتا ہے جبکہ کمیٹی نے بیرون ملک سے آنے والے مسافروں کے کورونا رپورٹس اور پی سی آر ٹیسٹ کا بھی بغور جائز لیا ہے۔

یاد رہے کہ عمان میں کورونا وائرس سے ایک لاکھ 39 ہزار 692 افراد متاثر ہوچکے ہیں اور مزید 26 افراد کو اسپتال میں داخل کیا گیا ہے جبکہ ملک بھر میں کورونا سے ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد 1 ہزار555 پہنچ گئی ہے۔