پھل،سبزیاں ایکسپورٹ کرکے زرمبادلہ کمایا جاسکتا ہے،سلیم الدین

149

حیدرآباد (اسٹاف رپورٹر) حیدرآباد چیمبر آف اسمال ٹریڈرز اینڈ اسمال انڈسٹری کے صدر سلیم الدین قریشی نے حکومت سندھ اور سمیڈا کے اشتراک سے تربیت مکمل کرنے والے طلبہ میں سرٹیفکیٹ تقسیم کی تقریب جس کا انعقاد ایگریکلچر یونیورسٹی ٹنڈوجام میں ہوا، میں ایک نمائندہ وفد کے ساتھ شرکت کی۔ تقریب کے مہان صوبائی وزیر سندھ زراعت محمد اسماعیل راہو مہمان تھے اور اُن کے ساتھ سیکرٹری زراعت سندھ عبدالرحیم سومرو تشریف لائے تھے۔ صدر چیمبر نے صوبائی وزیر سے مطالبہ کیا کہ سندھ دھرتی زرخیز زمین پر مشتمل ہے جہاں پر انواع و اقسام کے پھل، سبزیاں اور پھول پیدا ہوتے ہیں لیکن محفوظ کرنے کے طریقے نہ ہونے کی وجہ سے وہ جلد خراب ہوجاتے ہیں۔ اُنہوں نے صوبائی وزیر سے درخواست کی کہ تازہ پھلوں اور سبزیوں کو محفوظ کر کے اُن کو ایکسپورٹ کرنے کے طریقے کار بنائے جائیں تاکہ مرکزی حکومت کے تعاون سے اِن کو ایکسپورٹ کر کے خاطر خواہ زرِ مبادلہ حاصل کیا جاسکتا ہے جو ملک و قوم کے مفاد میں ہوگا اور یہاں کے کسانوں کو بھی تازہ پھل اور پھولوں کے خراب ہونے سے نقصان نہیں اُٹھانا پڑے گا۔ صوبائی وزیر نے اِس سلسلے میں اقدامات کرنے کا وعدہ کیا اور اُنہوں نے حیدرآباد چیمبر کے دورہ کا بھی عندیہ دیا تاکہ بزنس کمیونٹی کے نمائندگان سے تفصیلی گفتگو کے بعد لائحہ عمل مرتب کیا جائے۔ اِس موقع پر سی ای او سمیڈا ہاشم رضا، چیمبر کے وفد میں زراعت سب کمیٹی کے کنونیئر نعیم اسلم، اسمال اینڈ میڈیم انٹرپرائزز سب کمیٹی کے کنونیئر محمد یاسین خلجی، محمد الناصر اور یوسف سلیمان موجود تھے۔